نئی دہلی/ آواز دی وائس
انگلینڈ کے خلاف سنسنی خیز پانچویں ٹیسٹ میچ میں یادگار جیت کے بعد، ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار کھلاڑی لوکیش راہل نے پیر کے روز اس سیریز کو اپنے کیریئر کی سب سے یادگار سیریز قرار دیا۔ سیریز کے اس آخری میچ میں، جہاں انگلینڈ 2-1 سے برتری پر تھا، اسے آخری دن میچ اور سیریز جیتنے کے لیے صرف 35 رنز درکار تھے، جبکہ ہندوستان کو چار وکٹیں درکار تھیں۔
محمد سراج کی شاندار گیندبازی کی بدولت ہندوستان نے انگلینڈ کو 367 رنز پر آل آؤٹ کر کے 6 رنز سے سنسنی خیز کامیابی حاصل کی۔ اس سیریز میں بطور اوپنر 532 رنز بنانے والے راہل نے کہا کہ یہ جیت میرے لیے سب کچھ ہے۔ میں کئی سالوں سے کرکٹ کھیل رہا ہوں۔ میں چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کا حصہ رہا ہوں، میں نے ٹیم کو ورلڈ کپ ٹرافی اٹھاتے دیکھا ہے، لیکن اس جیت کا موازنہ کسی اور سے نہیں کیا جا سکتا۔ سیریز کے تمام میچز پانچویں دن تک گئے، اور کرکٹ دنیا نے اسے پانچ میچوں کی سب سے سنسنی خیز سیریز میں سے ایک قرار دیا ہے۔
راہل نے مزید کہا کہ کافی عرصے سے یہ بحث جاری ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کا مستقبل کیا ہوگا، لیکن ہم نے جس انداز میں کھیلا ہے، اس سے ہم نے ان تمام سوالوں کا جواب دے دیا ہے۔
انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کے جذبے کی بھی تعریف کی۔ اس سیریز سے پہلے ہمیں جیت کا دعویدار نہیں سمجھا جا رہا تھا، لیکن ہم نے ہر میچ میں سخت مقابلہ کیا اور سیریز کو 2-2 سے برابر کرنے میں کامیاب رہے۔
راہل نے کہا کہ یہ سیریز اگرچہ ڈرا رہی، لیکن ہم نے ہر میچ میں جذبہ دکھایا۔ یہ ہندوستانی ٹیسٹ کرکٹ کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے، اور یہیں سے ایک نئے دور کی شروعات ہوتی ہے۔ انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ یہ محض آغاز ہے، اور یہ ٹیم مستقبل میں کئی سیریز جیتے گی۔
انہوں نے کہا کہ جب میں نے سنا کہ روہت، وراٹ اور اشون اس سیریز کا حصہ نہیں ہوں گے، تو میں دو ہفتے تک پریشان رہا۔ مجھے اچانک ایک نئی ذمے داری دی گئی۔ ہر کوئی مجھ سے انگلینڈ کی کنڈیشنز کے بارے میں پوچھ رہا تھا۔
راہل نے شبھمن گل کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ گل نے شاندار انداز میں کپتانی کی۔ وہ کھلاڑیوں کے ساتھ گھل مل گئے۔ انہوں نے بہترین حکمت عملی اپنائی، بولنگ میں زبردست تبدیلیاں کیں، جس سے ہم وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے۔ وہ ایک شاندار ٹیسٹ کپتان بنیں گے۔