آشا کھوسہ / نئی دہلی
جموں و کشمیر کی سابق ریاست میں تاریخی تبدیلیوں یعنی دفعہ 370 کی منسوخی کی چھٹی سالگرہ ہے، جس کے تحت ریاست کو خصوصی اختیارات حاصل تھے،جن میں اپنا پرچم، آئین، اور پارلیمان کے قوانین سے استثنا بھی حاصل تھا ۔ دفعہ 370 کو ہٹانے کے بعد ریاست کو دو مرکزی زیرِ انتظام علاقوں میں تقسیم کر دیا گیا، یہاں ریاست کے عوام کی زندگیوں میں آنے والی 10 بڑی تبدیلیوں میں سے چند اہم نکات درج کیے جا رہے ہیں:
حقوق کا نظام
جموں و کشمیر پر جاری سیاسی شور شرابہ اکثر اُن مظلوم طبقات کی داستان کو دبا دیتا تھا، جن میں پناہ گزین، درج فہرست ذاتیں، خواتین اور دیگر شامل تھے، جنہیں ہندوستانی آئین کی ضمانت کے باوجود برابر کے حقوق سے محروم رکھا گیا۔ جموں و کشمیر کے خصوصی اختیارات کی معطلی نے والمیکی برادری، تقسیمِ ہند اور پاکستان کے ساتھ ہونے والی جنگوں کے متاثرہ پناہ گزینوں، اور سب سے بڑھ کر، دلیر گورکھا برادری کی زندگیوں میں نئی روح پھونک دی۔ ان تقریباً 3 لاکھ افراد کو ریاستی حکومت کی جانب سے شہریت، ملازمتوں اور زمین کی ملکیت جیسے بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا تھا۔ وزیر داخلہ امت شاہ نے 2021 میں لوک سبھا میں بتایا کہ 2,642 والمیکی خاندانوں، 592 گورکھوں اور 43 دیگر خاندانوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹس فراہم کیے گئے ہیں۔
قبائلیوں کے خصوصی حقوق
جموں و کشمیر میں بڑی تعداد میں قبائلی برادریاں آباد ہیں،جن میں گجر، بکر وال، اور حال ہی میں شامل کی گئی پہاڑی برادریاں شامل ہیں۔ گوجر اور بکر وال قبائل جنگلات پر انحصار کرتے ہیں اور ان کے لیے جنگلاتی حقوق کا قانون قابلِ عمل نہیں تھا، حالانکہ یہ قانون ہندوستان بھر میں 8 کروڑ قبائلیوں کی زندگی بدل چکا ہے۔ اب جب کہ یہ قانون جموں و کشمیر میں نافذ ہو چکا ہے، جنگلات میں رہنے والے اور ان پر انحصار کرنے والے افراد کو اُن زمینوں پر حقوق دیے جا رہے ہیں جن پر وہ نسلوں سے رہتے آئے ہیں۔
خواتین کے حقوق
جموں و کشمیر میں خواتین کو گزشتہ سات دہائیوں تک ایک عجیب و غریب امتیازی صورتحال کا سامنا رہا، جہاں انہیں ریاست سے باہر کے افراد سے شادی کرنے سے روکا جاتا تھا، جبکہ مردوں پر ایسی کوئی پابندی نہیں تھی۔ اس کا مطلب یہ تھا کہ اگر کوئی جموں و کشمیر کی پیدائشی خاتون کسی ریاست سے باہر کے مرد، حتیٰ کہ کسی ہندوستانی شہری سے بھی شادی کرتی، تو وہ مستقل شہریت، سرکاری ملازمت، اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلہ اور جائیداد میں وراثت کا حق کھو بیٹھتی۔ اس کے برعکس اگر کوئی غیر ملکی خاتون جموں و کشمیر کے مرد سے شادی کرتی، تو وہ ریاست کی شہری بننے کی حقدار سمجھی جاتی۔ یہ امتیازی قانون اب ماضی کا قصہ بن چکا ہے۔
تیز تر ترقی
جموں و کشمیر میں طویل عرصے تک بدامنی اور دہشت گردی کے سبب ترقی کا عمل شدید متاثر رہا، جبکہ اسی دوران ملک کے دیگر حصوں میں انفراسٹرکچر اور صنعت کاری میں تیزی دیکھی گئی۔ دہلی سے کشمیر تک ریلوے لائن نے زندگی بدل دی ہے، اور جموں و کشمیر دونوں علاقوں میں آمد و رفت اور ترقی کی نئی راہیں کھلی ہیں۔ انڈس واٹر ٹریٹی کی معطلی، جو نریندر مودی حکومت نے کی، اب جموں و کشمیر میں دریاؤں سے مزید بجلی پیدا کرنے کی راہ ہموار کرے گی، جو آگے چل کر صنعتوں کے قیام اور کاروباری مواقع میں اضافے کا سبب بنے گا۔
تشدد میں نمایاں کمی
سری نگر اور وادی کے زیادہ تر علاقوں میں زندگی معمول پر آ چکی ہے۔ حریت کانفرنس کی جانب سے کی جانے والی ہڑتالیں اب ماضی کا حصہ بن چکی ہیں۔ حکام کے مطابق شہری ہلاکتوں میں 90 فیصد کمی آئی ہے۔ لوگ اب معمول کی زندگی گزار رہے ہیں، روزگار اور کاروباری مواقع کی طرف بڑھ رہے ہیں، مستقبل سے پُرامید ہیں۔ کئی این آر آئیز (اوورسیز ہندوستانی) واپس آ کر زرعی کاروبار اور دوسرے منصوبے شروع کر رہے ہیں۔
اب کوئی الجھن نہیں
کشمیر کے نوجوان اب آہستہ آہستہ اُس خیال سے باہر آ رہے ہیں کہ انہیں ہندوستان کے باقی شہریوں سے زیادہ سیاسی حقوق حاصل ہونے چاہئیں۔ "خصوصی حیثیت" کے بیانیے نے علیحدگی پسندی کو فروغ دیا تھا، جسے سیاستدانوں نے مزید بھڑکایا۔ اب خوشی کی بات یہ ہے کہ بچے سال بھر اسکول جا رہے ہیں، مقامی لوگ پارکوں میں گھومنے، فیملی پکنک پر جانے اور وہ سب کچھ کر رہے ہیں جو پچھلے تین دہائیوں کی دہشت گردی کے دوران ممکن نہ تھا۔ مقامی، ریاستی، اور پارلیمانی انتخابات میں بڑے پیمانے پر عوام کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگوں نے نظام پر اعتماد کرنا شروع کر دیا ہے۔
درست پیغام رسانی
یہ اقدام پاکستان کو ایک مضبوط پیغام دینے میں کامیاب رہا، جو جموں و کشمیر کی ‘خصوصی حیثیت’ کو ہندوستان مخالف جذبات بھڑکانے اور مقامی نوجوانوں کو دہشت گردی و ہندوستان کے خلاف پراکسی جنگ میں شامل کرنے کے لیے استعمال کرتا رہا ہے۔ جلد ہی دنیا نے یہ سمجھ لیا کہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت نہ تو عوام کے لیے فائدہ مند تھی، اور نہ ہی ترقی کے لیے، بلکہ ایک مخصوص اشرافیہ کے لیے سہولت کا ذریعہ تھی جو نہ دہلی کے سامنے جواب دہ تھی، نہ ہی عوام کے۔ اس ادراک نے کشمیر پر عالمی بیانیہ ہی بدل دیا۔
دہشت گردوں کے لیے جنازوں میں بھیڑ نہیں
کشمیر میں دہشت گردی کے حامی ماحول کے خلاف سب سے نمایاں اقدام جو عالمی مبصرین نے سراہا، وہ سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں مارے گئے دہشت گردوں کے بڑے جنازوں پر پابندی ہے۔ چھ سال پہلے تک یہ جنازے ہزاروں افراد کی موجودگی میں ہوتے تھے اور نوجوانوں کو دہشت گردی کی طرف مائل کرتے تھے۔ اب مقامی دہشت گردوں کو ان کے اہلِ خانہ کی موجودگی میں خاموشی سے دفنایا جاتا ہے جبکہ غیر ملکی دہشت گردوں کی تدفین بھی سیکیورٹی فورسز خاموشی سے کسی مولوی کی موجودگی میں کرتی ہیں۔ کشمیر کی سڑکوں پر اب نہ پتھراؤ کرنے والے نوجوانوں کی فوج ہوتی ہے اور نہ ہی دہشت گرد تنظیموں میں مقامی بھرتی میں اضافہ؛ اس میں 90 فیصد کمی آئی ہے۔ حریت کانفرنس جیسے پلیٹ فارمز راتوں رات غائب ہو گئے۔
انسداد دہشت گردی پر مرکوز پالیسی
جموں و کشمیر کو مرکز کے زیر انتظام علاقہ بنانے کے بعد قانون و نظم اور پاکستان کے سرپرستی میں چلنے والی دہشت گردی کے خلاف مہم مکمل طور پر مرکزی حکومت کی ذمہ داری بن گئی ہے۔ اب ریاست یا مرکز ایک دوسرے پر کوتاہی یا ادارہ جاتی ہم آہنگی کی کمی کا الزام نہیں لگا سکتے۔ اس پالیسی نے دہشت گردی کے خاتمے کی رفتار کو بے مثال بنا دیا ہے۔
سیاحت
کشمیر طویل عرصے بعد ایک بار پھر بین الاقوامی تقریبات کا مرکز بنا، جن میں جی-20 سربراہی اجلاس جیسے بڑے پروگرام شامل تھے۔ ان چھ برسوں کے دوران سیاحت نے بے مثال ترقی کی، اور ریکارڈ تعداد میں سیاح وادی کشمیر کی سیر کو آئے۔ تاہم، یہ خوشگوار سلسلہ اس وقت متاثر ہوا جب 22 اپریل کو پاہلگام میں پاکستانی دہشت گردوں نے 26 سیاحوں کو بے دردی سے قتل کر دیا۔ اس سانحے کے بعد دہلی کی جموں و کشمیر میں امن و ترقی کے لیے وابستگی اُس وقت واضح ہوئی جب ہندوستان نے آپریشن سندور کے تحت بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے پاہلگام کے قتل عام کا بدلہ لیا اور پاکستان کو منہ توڑ جواب دیا۔