نئی دہلی/ آواز دی وائس
گزشتہ چند سالوں میں دل کے دورے (ہارٹ اٹیک) سے اموات کا شمار مسلسل بڑھ رہا ہے۔ ہر دوسرے دن کئی ویڈیوز سامنے آتی ہیں جن میں کوئی بچہ، بوڑھا یا جِم کرتے ہوئے نوجوان اچانک دل کے دورے کا شکار ہو جاتا ہے اور اس کی موت ہو جاتی ہے۔ حال ہی میں مہاراشٹر کے کولہاپور میں 10 سالہ بچے کی دل کے دورے سے موت ہو گئی، جس کے بعد ہر کوئی خوفزدہ ہے۔ اس حوالے سے اب ایک حیران کن رپورٹ سامنے آئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستان میں ہونے والی کل ہلاکتوں میں ایک تہائی ہلاکتیں دل کے دورے کی وجہ سے ہو رہی ہیں۔ یعنی دل کی بیماری سے سب سے زیادہ لوگ متاثر ہیں اور یہ مسلسل جان لیوا بنتی جا رہی ہے۔
سب سے زیادہ جان لیوا بیماری
ہندوستان کے رجسٹرار جنرل کی جانب سے جاری کی گئی سیمپل رجسٹریشن سروے کی رپورٹ میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ غیر متعدی بیماری موت کا سب سے بڑا سبب ہیں، جن سے کل 56.7فیصد ہلاکتیں ہوتی ہیں۔ جبکہ باقی بیماریوں کی وجہ سے 23.4فیصد موتیں ہوتی ہیں۔
کن بیماریوں سے کتنی اموات ہو رہی ہیں؟
ہندوستان میں دل کے دورے (ہارٹ اٹیک) سے 31فیصد موتیں ہو رہی ہیں، یہی وجہ ہے کہ اس کا مقابلہ کرنا ملک کے لیے سب سے بڑی چیلنج ہے۔
سانس کی متعدی بیماریوں سے 9.3فیصد افراد کی موت ہو رہی ہے۔
ٹیومر جیسی بیماریاں 6.4فیصد ہلاکتوں کی ذمہ دار ہیں۔
دائمی سانس کی بیماریاں سے 5.7فیصد موتیں ہوئی ہیں۔
نظامِ ہضم کی بیماریوں سے 5.3فیصد موتیں ہوئی ہیں۔
بخار جیسی بیماریوں سے 4.9فیصد موتیں ہوئی ہیں۔
ذیابیطس سے 3.5فیصد موتیں ہوئی ہیں۔
پیشاب اور جنسی نظام سے متعلق بیماریوں کے سبب 3فیصد موتوں کا شمار ہے۔
دل کے دورے کی وجوہات
گزشتہ چند سالوں میں ہارٹ اٹیک کے بڑھتے کیسز کے حوالے سے مسلسل سوالات اٹھ رہے ہیں۔ کچھ رپورٹس میں اس کی وجہ کورونا ویکسین بتائی گئی، لیکن سرکاری اداروں نے اسے مسترد کیا ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ طرزِ زندگی میں تبدیلی اور غلط غذائی عادات کی وجہ سے ایسے کیسز سامنے آ رہے ہیں۔
کینسر سے بھی ہلاکتیں
نیشنل کینسر رجسٹری پروگرام کے محققین کی حالیہ اسٹڈی کے مطابق 2015 سے 2019 کے درمیان 7.08 لاکھ کینسر کے کیسز سامنے آئے اور اس سے 2.06 لاکھ افراد ہلاک ہوئے۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا کہ شمال مشرقی ہندوستان کے ریاستوں سے سب سے زیادہ کینسر کے کیسز سامنے آ رہے ہیں۔