اگلے سال سے پنجاب میں بجلی کی کٹوتی نہیں ہوگی: کیجریوال

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 08-10-2025
اگلے سال سے پنجاب میں بجلی کی کٹوتی نہیں ہوگی: کیجریوال
اگلے سال سے پنجاب میں بجلی کی کٹوتی نہیں ہوگی: کیجریوال

 



جالندھر/ آواز دی وائس
عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے بدھ کے روز کہا کہ پنجاب میں بجلی کے شعبے میں بڑے پیمانے پر اصلاحاتی کام جاری ہیں، اور انہوں نے وعدہ کیا کہ اگلی گرمیوں سے یہاں بجلی کی کٹوتی نہیں ہوگی۔ کیجریوال نے یہ بات بجلی کی ترسیل و تقسیم کے یونٹ کی سنگِ بنیاد رکھنے کے بعد ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ دہلی میں وزیر اعلیٰ کے طور پر مقررہ حد تک بجلی کے بل معاف کرنے والے کیجریوال نے کہا کہ پنجاب میں 90 فیصد عوام کو مفت بجلی مل رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے کسانوں کو آبپاشی کے لیے کم از کم آٹھ گھنٹے بجلی فراہم کی جا رہی ہے، اور جلد ہی یہ سہولت بڑھا کر پوری دن بھر کے لیے بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
کیجریوال نے کہا کہ اب ہم اگلے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں، جس کے تحت چوبیس گھنٹے بلا تعطل بجلی کی فراہمی ہونی چاہیے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے 25 ہزار کلومیٹر نئی کیبل بچھائی جا رہی ہے، آٹھ ہزار نئے ٹرانسفارمرز لگائے جائیں گے اور 77 نئے سب اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بنیادی ڈھانچے کی اپ گریڈیشن بڑے پیمانے پر ہو رہی ہے، اور پورا نظام جدید بنے گا۔ اگلی گرمیوں میں پنجاب میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔کیجریوال نے الزام لگایا کہ ماضی کی کانگریس اور شیرو مانی اکالی دل-بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومتیں ریاست میں بجلی کی تقسیم اور ترسیل کے نظام کو بہتر بنانے میں ناکام رہیں۔