نئی دہلی / آواز دی وائس
مون سون کا یہ موسم پورے ملک کے لیے خوشگوار ثابت ہوا ہے۔ ہندوستان کے کئی حصوں میں اچھی بارش ہوئی ہے۔ اگرچہ کچھ دنوں کے لیے بارش کا سلسلہ تھم گیا تھا لیکن اب دوبارہ مون سون نے رفتار پکڑ لی ہے۔ اس سے درجہ حرارت میں کمی آئی ہے اور لوگوں کو گرمی سے راحت ملی ہے۔ تاہم کچھ مقامات پر بارش کی وجہ سے عوام کو پریشانیوں کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
ملک کے کچھ حصوں میں بھاری بارش اور بادل پھٹنے سے سیلاب آ گیا، جس سے جان و مال کا نقصان ہوا۔ پورے ملک کی کئی ریاستوں میں مون سون نے دوبارہ تیزی پکڑ لی ہے۔ اسی دوران ہندوستانی محکمۂ موسمیات نے 27، 28، 29، 30 اور 31 اگست کے دوران کئی ریاستوں میں بھاری بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔
راجستھان میں موسم کی صورتحال
راجستھان میں گزشتہ چند دنوں سے مون سون نے دوبارہ رفتار پکڑ لی ہے، جس سے درجہ حرارت کم ہوا اور موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق راجستھان کے کئی حصوں میں 27 سے 31 اگست تک بھاری بارش کا امکان ہے۔ اس دوران مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش ہوگی اور تیز ہواؤں کے ساتھ آندھی بھی چل سکتی ہے۔ کچھ اضلاع میں ہلکی اور درمیانی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
دہلی میں بھی جاری رہے گا بارش کا سلسلہ
ملک کی راجدھانی دہلی میں بھی پچھلے کچھ دنوں سے اچھی بارش ہو رہی ہے، جس سے دہلی والوں کو گرمی سے نجات ملی ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق 27 سے 31 اگست تک دہلی کے کئی حصوں میں وقفے وقفے سے گرج کے ساتھ بھاری بارش ہوسکتی ہے۔ کچھ مقامات پر رم جھم بارش کا بھی امکان ہے۔ اس دوران تیز آندھی اور بجلی گرنے کا بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
ان ریاستوں میں جم کر برسیں گے بادل
محکمۂ موسمیات نے 27 سے 31 اگست تک ملک کی کئی ریاستوں کے لیے بھاری بارش کا انتباہ دیا ہے۔
اگلے پانچ دنوں میں ہماچل پردیش، اترکھنڈ، جموں و کشمیر، پنجاب، اتر پردیش اور ہریانہ کے کئی حصوں میں بھاری جبکہ کچھ مقامات پر ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔
۔27، 28، 29، 30 اور 31 اگست کو مہاراشٹر، گجرات-سوراشٹر، گوا اور کونکن کے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش جبکہ کچھ حصوں میں ہلکی اور درمیانی بارش کا امکان ہے۔
اروناچل پردیش، ناگالینڈ، منی پور، آسام، میزورم، میگھالیہ اور تریپورہ میں بھی آئندہ پانچ دنوں کے دوران کئی اضلاع میں شدید بارش اور کچھ جگہوں پر چھٹپٹ بارش کا الرٹ ہے۔
محکمہ کے مطابق کرناٹک، تمل ناڈو، کیرالا، یانم، تلنگانہ، ساحلی آندھرا پردیش، رائل سیما اور لکشدیپ کے کئی مقامات پر 27 سے 31 اگست تک اچھی بارش کا امکان ہے۔
جھارکھنڈ، بہار، ودربھ، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش، سکم اور سب-ہمالیائی مغربی بنگال کے کئی حصوں میں بھاری بارش جبکہ کچھ حصوں میں رم جھم بارش کی پیش گوئی ہے۔
تیز ہواؤں، آندھی اور بجلی کا الرٹ
محکمۂ موسمیات نے بتایا کہ 27 سے 31 اگست کے دوران جن ریاستوں میں بھاری بارش کا امکان ہے، وہاں تیز ہواؤں، آندھی اور بجلی گرنے کا بھی خدشہ ہے۔ اس دوران گرج کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔