نئی دہلی/ آواز دی وائس
وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج سردار ولبھ بھائی پٹیل کی 150ویں سالگرہ پر انہیں یاد کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اب ہر سال سردار پٹیل کی جینتی (سالگرہ) کے موقع پر ایک پریڈ کا اہتمام کیا جائے گا۔ یہ پریڈ 26 جنوری کی طرز پر ہر سال 31 اکتوبر کو نکالی جائے گی، جس میں نیم فوجی دستے حصہ لیں گے۔
اس پریڈ میں مرکزی مسلح افواج کے ساتھ مختلف ریاستوں کی پولیس ٹیمیں بھی شامل ہوں گی۔ شاہ نے سردار پٹیل کی قربانی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ بغیر کسی شہرت یا ذاتی مفاد کے ملک کے لیے زندگی کیسے گزاری جاتی ہے، اس کی بہترین مثال سردار پٹیل ہیں۔ جب پورا ملک 15 اگست کو ترنگا لہرانے میں مصروف تھا، اس وقت پٹیل ایک فوجی آپریشن کی نگرانی کر رہے تھے۔
سردار پٹیل کی 150ویں جینتی پر خصوصی تقریب
شاہ نے بتایا کہ اس سال سردار پٹیل کی سالگرہ کے موقع پر احمد آباد کے ایکتا نگر کی کیوڑیا کالونی میں شاندار پریڈ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اگرچہ سال 2014 سے ہر سال 31 اکتوبر کو ایک پریڈ ہوتی ہے، لیکن اس بار 150ویں جینتی کے موقع پر خاص اہتمام کیا گیا ہے۔ یہ پریڈ ملک کی یکجہتی اور سالمیت کو یقینی بنانے کے لیے منعقد کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر ’’رن فار یونٹی‘‘ کو بھی بڑے پیمانے پر منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کانگریس نے سردار پٹیل کو بھلا دیا
کانگریس پر طنز کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ آزادی کے بعد کانگریس نے سردار پٹیل کو بھلانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ سردار پٹیل کو ’’بھارت رتن‘‘ دینے میں 41 سال لگ گئے۔ نہ ان کا کوئی مجسمہ بنایا گیا، نہ ہی انہیں مناسب احترام دیا گیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ’’اسٹیچو آف یونٹی‘‘ بنا کر سردار پٹیل کو حقیقی خراج عقیدت پیش کیا۔ آج ملک کے ڈھائی کروڑ سے زیادہ لوگ ’’اسٹیچو آف یونٹی‘‘ کی زیارت کر چکے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے وہاں 14 طرح کے سیاحتی منصوبے تیار کر کے اسے عوام کے لیے کشش کا مرکز بنا دیا ہے۔