کامیابی کے لیے زندگی میں کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا:سابق چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 10-08-2025
کامیابی کے لیے زندگی میں کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا:سابق چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ
کامیابی کے لیے زندگی میں کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا:سابق چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ

 



چھترپتی سمبھاجی نگر،مہاراشٹر : وشنو پنت ایڈوانٹ لیکچر سیریز کے تحت ہفتہ کو مہاراشٹر کے چھترپتی سمبھاجی نگر میں سابق چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ نے قانون کے طلباء سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے وکلاء سے بھی بات چیت کی۔

انہوں نے کہا کہ وکلاء کو اپنی شناخت اور ہر چیز کو انصاف کے اصولوں کے مطابق قائم کرنا چاہیے، مگر اس دوران اخلاقیات کو متاثر نہیں ہونے دینا چاہیے ,اخلاقیات کو ہمیشہ اولین ترجیح دینی چاہیے۔ سابق چیف جسٹس نے کہا:کامیابی کے لیے زندگی میں کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا۔ ہر قانون کے طالبعلم کو ہمیشہ سیکھنے کی جستجو رکھنی چاہیے۔

یہ بات انہوں نے قانونی پیشے کا حال اور مستقبل: مواقع اور چیلنجز کے موضوع پر بات کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا: قانون کے طلبہ کو یہ سوچنا چاہیے کہ خود کو کیسے بہتر بنایا جائے؟ سیکھنے کا عمل زندگی بھر جاری رہنا چاہیے۔

مستقبل کے بارے میں رہنمائی کہیں سے بھی لی جا سکتی ہے، لیکن خیالات ہمیشہ آزاد ہونے چاہئیں، کسی بندھن یا تعصب میں نہ ہوں۔ اخلاقیات کو سب سے اوپر رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم سب میں محروم طبقات کے لیے ہمدردی ہونی چاہیے۔ اگر نئی نسل ایمانداری سے کام کرے تو قانون کے میدان میں آج بھی بے شمار امکانات اور مواقع موجود ہیں۔

اس دوران قانونی شعبے میں خواتین کی شمولیت اور ان کی شرکت پر بھی زور دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ:آج خواتین کثیرالجہتی اور تکنیکی شعبوں میں شامل ہو رہی ہیں، یہی تبدیلی قانونی میدان میں بھی ہونی چاہیے۔ آج کا دور تیزی سے بدل رہا ہے، اور چھوٹے شہروں سے آنے والے طلبہ بھی بڑی کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔

ان کی کامیابیوں میں دیہی علاقوں میں موجود قانون کالجوں اور قانونی اداروں کا اہم کردار ہے۔ چندرچوڑ نے وکلاء سے اپیل کی کہ وہ قانون کے طلبہ کی مالی مدد بھی کریں۔ ساتھ ہی انہوں نے قانونی تعلیم کے لیے ہمہ جہتی سہولیات کی دستیابی پر بھی زور دیا۔