پونے: ملک کے وزیرِ خارجہ ایس۔ جے شنکر نے ہفتہ کے روز کہا کہ عالمی اقتصادی اور سیاسی نظام میں نمایاں تبدیلی رونما ہو چکی ہے اور دنیا میں طاقت اور اثر و رسوخ کے کئی نئے مراکز ابھر کر سامنے آئے ہیں۔ پونے میں سمبیوسس انٹرنیشنل (ڈیِمڈ یونیورسٹی) کے 22ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے جے شنکر نے کہا، "کوئی بھی ملک، خواہ وہ کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو، ہر معاملے میں اپنی مرضی مسلط نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا، اس کا یہ بھی مطلب ہے کہ اب ممالک کے درمیان فطری مسابقت موجود ہے، جو خود بخود ایک توازن پیدا کرتی ہے۔ وزیرِ خارجہ نے کہا، طاقت اور اثر و رسوخ کے کئی مراکز ابھر چکے ہیں۔ جے شنکر کے مطابق طاقت کے تصور کے کئی پہلو ہیں، جن میں تجارت، توانائی، فوجی صلاحیت، وسائل، ٹیکنالوجی اور انسانی صلاحیت شامل ہیں، اسی لیے یہ ایک نہایت پیچیدہ معاملہ بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا، یہ سمجھنا بھی ضروری ہے کہ عالمی طاقتیں اب ہر جگہ یکساں طور پر اثر انداز ہونے کی صلاحیت نہیں رکھتیں۔ وزیرِ خارجہ نے مزید کہا کہ عالمگیریت (گلوبلائزیشن) نے ہمارے سوچنے اور کام کرنے کے انداز کو بنیادی طور پر بدل دیا ہے۔ انہوں نے کہا، ہم جیسے بڑے معاشی ملک کے لیے اگر ٹیکنالوجی کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنا ہے تو ہمیں وسیع اور جدید پیداواری (مینوفیکچرنگ) صلاحیتیں تیار کرنا ہوں گی۔