اگلا دلائی لاما‘،جانیں کیسے چُنا جائے گا؟

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 02-07-2025
 اگلا دلائی لاما‘،جانیں  کیسے چُنا جائے گا؟
اگلا دلائی لاما‘،جانیں کیسے چُنا جائے گا؟

 



آواز دی وائس
تبتی بدھ مت کے روحانی پیشوا دلائی لاما نے بدھ، 2 جولائی کو اس بات کی تصدیق کر دی کہ دنیا کو اگلا دلائی لاما ضرور ملے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ دلائی لاما کے دوبارہ جنم کی روایت جاری رہے گی۔ تبتی بدھ مت کے ماننے والوں کا عقیدہ ہے کہ دلائی لاما کا جنم نو ان کی روحانی وراثت کو آگے بڑھانے کے لیے ہوتا ہے۔
موجودہ دلائی لاما، جن کا اصلی نام تنزِن گیاتسو ہے، 14ویں دلائی لاما ہیں اور وہ 6 جولائی کو 90 برس کے ہو جائیں گے۔ کافی عرصے سے یہ قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ وہ اپنے 90ویں جنم دن کے موقع پر اعلان کریں گے کہ ان کے بعد دلائی لاما کون ہوگا اور اُسے کیسے چُنا جائے گا۔
دلائی لاما کی روایت جاری رہے گی
۔24 ستمبر 2011 کو، تبتی روحانی روایات کے سربراہان کی ایک میٹنگ میں، میں نے تجویز دی تھی کہ دلائی لاما کے ادارے کے مستقبل کا فیصلہ تبتی عوام، بدھ مت کے ماننے والے، اور دنیا بھر کے متعلقہ لوگ کریں۔ میں نے کہا تھا کہ جب میں تقریباً 90 برس کا ہو جاؤں گا، تو بدھ پرمپرا کے تمام بڑے لاما، تبتی عوام، اور دنیا بھر کے تبتی بدھ مت کے پیروکاروں سے مشورہ کروں گا، تاکہ اس ادارے کے جاری رہنے یا نہ رہنے پر دوبارہ غور کیا جا سکے۔
اب جبکہ گزشتہ 14 سالوں میں مجھے دنیا بھر سے، خصوصاً تبتی علاقوں سے اور مَنگولیا، روس، اور چین سمیت کئی ایشیائی ممالک کے بدھ مت ماننے والوں سے مسلسل پیغامات اور خطوط موصول ہوئے ہیں، جن میں دلائی لاما کے ادارے کو جاری رکھنے کی درخواست کی گئی ہے، اس لیے میں آج باضابطہ طور پر تصدیق کرتا ہوں کہ دلائی لاما کا ادارہ جاری رہے گا۔
اگلا دلائی لاما کیسے چُنا جائے گا؟
دلائی لاما نے واضح کیا کہ نئے دلائی لاما کو ڈھونڈنے کی جو روایت ہے، وہ پہلے ہی 2011 میں طے کی جا چکی ہے۔ اس کے مطابق گیدن فودرانگ ٹرسٹ کے ممبران کو یہ ذمے داری سونپی گئی ہے کہ وہ نئے دلائی لاما کو تلاش کریں گے۔ یہ ٹرسٹ مختلف تبتی بدھ مت روایتوں کے سربراہوں اور معتبر شَپت یافتہ مذہبی محافظوں سے مشورہ لے گا، جو دلائی لاما کی سلسلہ وار نسل سے جُڑے ہوئے ہیں۔
روایتی طریقوں سے تلاش، شناخت اور منظوری کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
دلائی لاما نے دوٹوک کہا کہ مستقبل کے دلائی لاما کی پہچان کا اختیار صرف گیدن فودرانگ ٹرسٹ کے پاس ہے۔ کسی اور ادارے یا ملک کو اس عمل میں مداخلت کا کوئی حق نہیں۔
یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب چین کی حکومت نے بھی دلائی لاما کے جانشین کے انتخاب پر نظر رکھنے کا عندیہ دیا ہے، جسے تبتی برادری اور عالمی برادری نے سختی سے مسترد کیا ہے۔