بہار میں نکلتا ہے دنیا کا سب سے اونچا تعزیہ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 25-06-2026
بہار میں نکلتا ہے دنیا کا سب سے اونچا تعزیہ
بہار میں نکلتا ہے دنیا کا سب سے اونچا تعزیہ

 



راجیو سنگھ -نئی دہلی
آج جب ملک اور دنیا میں مذہبی، فرقہ وارانہ اور سیاسی کشیدگی کے باعث سماجی فاصلے اور باہمی عدم اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے، ایسے وقت میں بہار کا ضلع سیوان بھائی چارے اور گنگا-جمنا تہذیب کی ایک شاندار مثال پیش کرتا ہے۔ ضلع کے سسوان بلاک کے بھیکھپور گاؤں سے نکلنے والا تعزیہ نہ صرف ہندو-مسلم اتحاد کی علامت سمجھا جاتا ہے بلکہ اسے دنیا کا سب سے بلند تعزیہ ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
سیوان کے جنوبی حصے میں دریائے داہا کے کنارے واقع چین پور بازار کے قریب آباد بھیکھپور گاؤں میں تقریباً 350 سے 400 گھر ہیں۔ اس گاؤں کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں ہندو اور مسلم آبادی تقریباً برابر ہے اور دونوں برادریاں مل کر صدیوں پرانی روایات کو آج بھی زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق یہاں تعزیہ نکالنے کی روایت تقریباً 196 سال پرانی ہے اور فخر کی بات یہ ہے کہ اتنے طویل عرصے میں جلوس کے دوران کبھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔
۔80 سے 84 فٹ بلند تعزیہ
ہر سال کی طرح اس بار بھی بھیکھپور میں تعزیہ سازی کا کام شروع ہو چکا ہے۔ گاؤں کے دو بڑے امام باڑوں انجمن عباسیہ اور انجمن رضویہ کے زیر اہتمام شاندار تعزیے تیار کیے جا رہے ہیں۔انجمن رضویہ، جسے "چھوٹا امام باڑہ" کہا جاتا ہے،اس میں تقریباً 80 فٹ بلند تعزیہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ بڑے امام باڑے یعنی انجمن عباسیہ میں تقریباً 84 فٹ اونچا تعزیہ تیار کیا جاتا ہے، جو تقریباً سولہ منزلہ عمارت کے برابر سمجھا جاتا ہے۔ تعزیہ سازی کی ایک اہم خصوصیت یہ بھی ہے کہ اس میں مقامی کاریگروں کے ساتھ ہندو اور مسلم دونوں برادریوں کے افراد مل کر کام کرتے ہیں۔ یہاں تک کہ آس پاس کے گاؤں سے بھی نوجوان اس کام میں حصہ لینے کے لیے بھیکھپور آتے ہیں۔
عقیدت اور شہادت کا پیغام
ڈاکٹر ایس ایم زاہد تعزیے کی مذہبی اور سماجی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ امام حسینؑ نے برائی کے خلاف آواز بلند کی۔ انہوں نے انصاف، انسانیت اور نیکی کی حفاظت کے لیے اپنی جان قربان کر دی۔ آج بھی ان کے پیروکار تعزیے کے ذریعے یہی پیغام دیتے ہیں کہ نیکی ہمیشہ بدی پر غالب آتی ہے اور انسان کو سچائی اور دیانت داری کے راستے پر چلنا چاہیے۔محرم کے دوران دور دراز علاقوں سے علماء اور مذہبی شخصیات مجالس میں شرکت کے لیے یہاں آتی ہیں، جس سے اس تقریب کی روحانی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔
بھیکھپور میں ماتمی جلوس کے آغاز سے پہلے علم نکالا جاتا ہے، جو امام حسینؑ کی علامت سمجھا جاتا ہے۔مقامی رہائشی سید محمد رضوی کے مطابق:ماتمی جلوس اور تعزیہ اٹھانے سے پہلے علم نکالا جاتا ہے۔ سب سے آگے علم ہوتا ہے اور اس کے پیچھے بچے، نوجوان اور بزرگ زنجیری ماتم کرتے ہوئے چلتے ہیں۔ یہ منظر مذہبی عقیدت، نظم و ضبط اور اجتماعی اتحاد کی ایک خوبصورت تصویر پیش کرتا ہے۔ بھیکھپور کی سب سے نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ یہاں صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ کئی ہندو خاندان بھی تعزیہ سازی اور جلوس میں سرگرم کردار ادا کرتے ہیں۔
اس روایت کا آغاز ایک متاثر کن کہانی سے جڑا ہوا ہے۔ ٓ۔ ڈاکٹر ایس ایم زاہد کے مطابق چنی لال اور منی لال کے یہاں اولاد نہیں تھی۔ دونوں بھائی چائے اور پکوڑوں کی دکان چلاتے تھے اور اس مسئلے پر پریشان رہتے تھے۔ انہوں نے بڑے امام باڑے کے مولانا مرحوم سید راحت حسین سے اپنی پریشانی بیان کی، جنہوں نے انہیں دعا کرنے کا مشورہ دیا۔ ان کے مطابق دعا قبول ہوئی اور انہیں بیٹے کی نعمت حاصل ہوئی۔ اس کے بعد سے ان کے خاندان نے اپنے دروازے پر تعزیہ رکھنا شروع کر دیا۔ آج بھی تعزیہ اٹھانے سے پہلے گاؤں والے چنی لال کے گھر جا کر مجلس اور ماتم کرتے ہیں۔ ان کے اہل خانہ سریندر پرساد اور ویریندر پرساد کے مطابق یہ روایت آج بھی عقیدت کے ساتھ جاری ہے۔
بجلی کے نظام سے جڑا دلچسپ واقعہ
گاؤں میں تقریباً 25 سال قبل بجلی کی فراہمی کے دوران ایک مسئلہ پیدا ہوا، کیونکہ تعزیے کے جلوس کے راستے میں بجلی کے کھمبے اور تاریں حائل تھیں۔مقامی لوگوں کے احتجاج کے بعد محکمۂ بجلی نے یقین دہانی کرائی کہ محرم کے دن بجلی بند رکھی جائے گی اور تاروں کو عارضی طور پر ہٹا دیا جائے گا، جس کے بعد گاؤں میں بجلی کا نظام قائم کیا جا سکا۔
دسویں محرم کو دوپہر کے وقت تعزیے کا جلوس گاؤں سے روانہ ہوتا ہے اور غروبِ آفتاب سے پہلے کربلا پہنچ جاتا ہے۔اس دوران عقیدت مند تعزیے پر بتاشے، لڈو، ملیدا، شربت، کھچڑی، روٹی اور ناریل پیش کرتے ہیں۔ملک اور بیرونِ ملک مقیم گاؤں کے باشندے بھی اس موقع پر واپس آ کر جلوس میں شرکت کرتے ہیں۔
بانس، رسی اور کاغذ سے تیار ہوتا ہے تعزیہ
بھیکھپور کی ایک منفرد روایت یہ بھی ہے کہ تعزیہ بنانے میں لوہے کی کیلوں کا استعمال نہیں کیا جاتا۔ یہ مکمل طور پر بانس، رسی اور کاغذ سے تیار کیا جاتا ہے، جو اس کی روایتی اور ثقافتی پاکیزگی کی عکاسی کرتا ہے۔ڈاکٹر زاہد کے مطابق بڑے امام باڑے میں مانگی گئی منتیں پوری ہوتی ہیں۔ انہوں نے متعدد مثالیں بھی پیش کیں، جن میں ضلع سارن کے محمد پور کے ایک وکیل اور نول پور کے کئی خاندانوں کی منتوں کے پورا ہونے کا ذکر شامل ہے۔
سیوان کے ٹھیپہا گاؤں میں بھی محرم کا جلوس نکالا جاتا ہے۔مقامی باشندے للن چودھری کہتے ہیں کہ ہم محرم مناتے بھی ہیں اور مسلمانوں کے ساتھ تعزیے کے جلوس میں بھی شریک ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق یہاں پانچ تعزیے بنائے جاتے ہیں، جن میں چار مسلم برادری اور ایک ہندو خاندان کی جانب سے تیار کیا جاتا ہے۔ گاؤں کی مسجد کے مولوی شمس الحق کا کہنا ہے کہ محرم میں شریک ہونے والے ہندو امن، ہم آہنگی اور بھائی چارے کا پیغام دیتے ہیں۔اسی طرح میروہ بلاک کے انگلش گاؤں کے دوما پاسی بتاتے ہیں کہ ان کے خاندان میں تقریباً چالیس برس سے منت پوری ہونے پر امام حسینؑ کی یاد میں تعزیہ رکھا جاتا ہے، جسے وہ خاندان کی خوشحالی کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔
غم، عقیدت اور سماجی پیغام
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ محرم کوئی تہوار نہیں بلکہ غم اور سوگ کا مہینہ ہے۔ یہ نبی کریم ﷺ کے نواسے امام حسینؑ کی شہادت کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ تعزیہ دراصل کربلا کے عظیم واقعے اور امام حسینؑ کی قربانی کی علامتی یادگار ہے۔بھیکھپور گاؤں کی یہ روایت نہ صرف مذہبی عقیدت کی عکاس ہے بلکہ یہ بھی ثابت کرتی ہے کہ ہندوستان کی اصل طاقت اس کی گوناگوں ثقافت اور باہمی بھائی چارے میں پوشیدہ ہے۔
آج جب دنیا میں تقسیم اور نفرت کی دیواریں بلند ہو رہی ہیں، ایسے میں بھیکھپور کا تعزیہ جلوس انسانیت، محبت اور اتحاد کا ایسا پیغام دیتا ہے جو سرحدوں سے بالاتر ہو کر دلوں کو جوڑتا ہے۔ یہ تعزیہ محض ایک مذہبی تقریب نہیں بلکہ صدیوں پرانی مشترکہ ثقافت، باہمی اعتماد اور یکجہتی کی ایک زندہ مثال ہے۔