ایودھیا میں بنا رامائن پر دنیا کا پہلا مومی میوزیم

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 16-10-2025
ایودھیا میں بنا رامائن پر دنیا کا پہلا مومی میوزیم
ایودھیا میں بنا رامائن پر دنیا کا پہلا مومی میوزیم

 



ایودھیا/ آواز دی وائس
ایودھیا میں رامائن پر مبنی دنیا کا پہلا موم کا میوزیم تیار ہو گیا ہے۔ اتر پردیش کے مقدس شہر ایودھیا میں رام جنم بھومی کے احاطے میں عظیم الشان رام مندر کی تعمیر کے بعد اب یہ دھام ایک اور تاریخی کارنامہ انجام دینے جا رہا ہے۔ یہاں تریتا یُگ کے مناظر کو دوبارہ زندہ کرتے ہوئے دنیا کا پہلا "رامائن ویکس میوزیم" یعنی موم کا عجائب گھر تیار کر لیا گیا ہے۔
چودہ کوسی پریکرما مارگ پر واقع کاشی رام کالونی کے سامنے یہ میوزیم بنایا گیا ہے۔ ایک سرکاری بیان کے مطابق، اس کا افتتاح نویں "دیپوتسو" تقریب کے دوران ہونے کی پوری امید ہے۔ 9,850 مربع فٹ رقبے میں پھیلے اس مکمل طور پر ایئرکنڈیشنڈ میوزیم کی تعمیر پر تقریباً 6 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔ یہاں شری رام سمیت رامائن کے 50 اہم کرداروں کی جیتی جاگتی موم کی مورتیوں کو پیش کیا گیا ہے، جو پوری رامائن کہانی کو زندہ کر دیں گی۔
ایک وقت میں 100 افراد کے داخلے کی اجازت
اس عجائب گھر میں ایک وقت میں 100 افراد کو داخلے کی اجازت ہوگی۔ جیسے ہی زائرین اندر قدم رکھیں گے، پورا ماحول تریتا یُگ کی خوشبو اور رام دھن کی مدھر تانوں سے گونج اٹھے گا۔ ہر گوشے میں لگے اسپیکرز سے مسلسل "رام تارک منتر" اور بھکتی بھجنوں کی آواز سنائی دے گی۔ میوزیم کا ڈیزائن جنوبی ہندوستانی طرزِ تعمیر کے مطابق تیار کیا گیا ہے، جو جنوبی ہندوستان کی روایتی فنِ تعمیر کا حسین امتزاج پیش کرتا ہے۔
دو منزلہ عمارت میں رامائن کے اہم مناظر
یہ دو منزلہ عمارت ہے۔ گراؤنڈ فلور پر رام للا کے بچپن سے لے کر سیتا کے سُوَیَمْوَر تک کے مناظر دکھائے گئے ہیں، جبکہ پہلی منزل پر بن باس، لنکا دہن اور رام-راون یُدھ کے عظیم مناظر دیکھنے کو ملیں گے۔ ہر موم کے ماڈل کے لیے الگ روشنی کا انتظام کیا گیا ہے، جو کرداروں کو حقیقت کے قریب لے آتا ہے۔ داخلے کے دروازے پر سب سے پہلے بھگوان گنیش کی عظیم مورتی کے درشن ہوں گے، اس کے بعد رام للا کے بال روپ (بچپن) کی موم کی مورتی کے ساتھ سیلفی لینے کے لیے خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔
مدھیہ پردیش حکومت کا قدم: رام اور کرشن سے جڑی جگہوں کو تیرتھ ستھل بنایا جائے گا
دوسری جانب، مدھیہ پردیش کے وزیرِاعلیٰ موہن یادو نے بدھ کے روز کہا کہ ریاستی حکومت "شری رام ون گمن پاتھ" اور بھگوان شری کرشن سے وابستہ مقامات کو تیرتھ ستھل (مذہبی زیارت گاہوں) کے طور پر ترقی دے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے فنڈ پہلے ہی مختص کر دیا گیا ہے۔ وزیرِاعلیٰ یادو نے بتایا کہ چترکوٹ اور اورچھا میں تقریباً 2,200 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیراتی کام جاری ہے۔
وزیرِاعلیٰ کے مطابق، اب تک ریاست کے 11 اضلاع کے 25 مقامات کو "رام ون گمن پاتھ" سے جوڑا جا چکا ہے۔ یہ وہ مقامات ہیں جہاں رام جی نے اپنے بن باس کے دوران قیام کیا تھا۔ ان میں ستنا کا چترکوٹ سمیت کئی مقامات پہلے سے ہی شری رام کے قیام کے لیے معروف ہیں۔ کچھ ایسے مقامات بھی ہیں جہاں یہ مانا جاتا ہے کہ بھگوان رام گئے تھے یا رکے تھے، مگر وہ عام طور پر کم مشہور ہیں۔ یادو نے کہا کہ شری رام ون گمن پاتھ اور بھگوان کرشن سے وابستہ تمام مقامات کو تیرتھ ستھل کے طور پر ترقی دی جائے گی۔ حکومت نے اس کے لیے فنڈ کی منظوری دے دی ہے۔