دہلی-این سی آر میں بدلا موسم

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 30-09-2025
دہلی-این سی آر میں بدلا موسم
دہلی-این سی آر میں بدلا موسم

 



نئی دہلی / آواز دی وائس
دہلی-این سی آر میں آج صبح موسم نے اچانک کروٹ بدل لی۔ اس بار کے مانسون میں دہلی میں جم کر بادل برسے ہیں اور جاتے جاتے بھی بارش نے دہلی والوں کو بھیگا دیا ہے۔ موسم تہواروں کا ہے اور بارش نے لوگوں کو سکون کا سانس دیا ہے۔ پچھلے کچھ دنوں سے راجدھانی اور آس پاس کے علاقوں میں گرمی سے لوگ پریشان تھے لیکن کئی علاقوں میں صبح ہوئی بارش نے موسم خوشگوار کر دیا۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ اس بار دسہرہ بارش کے ساتھ منایا جائے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 2 اکتوبر تک دہلی-این سی آر میں بادل چھائے رہنے کے امکانات ہیں۔
ان علاقوں میں گرمی اور حبس سے ملے گی راحت
محکمہ موسمیات نے 1 اکتوبر کو بھی دہلی-این سی آر میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ اگر بارش ہوتی ہے تو شدید گرمی اور حبس سے بھی راحت ملے گی۔ اس دوران 35 سے 36 ڈگری سیلسیس کا درجہ حرارت گر کر 26 ڈگری تک آ سکتا ہے۔ اتر پردیش اور اتراکھنڈ میں دسہرہ یعنی 2 اکتوبر کو بارش کے امکانات ہیں۔ اس دوران پنجاب اور ہریانہ کے کچھ حصوں میں بھی بارش کی پیش گوئی ہے۔ 3 اکتوبر کو بھی کالے بادل چھائے رہنے کا امکان ہے۔
۔30 ستمبر کو ان علاقوں میں ہوگی بھاری بارش
آئی ایم ڈی نے اتوار کو جو اپ ڈیٹ جاری کیا اس کے مطابق، خلیج کھمبات کے اوپر بنے کم دباؤ کے علاقے کی وجہ سے سورترا اور کَچھ کے ساحلی علاقوں میں 30 ستمبر کو بہت بھاری بارش کی وارننگ دی گئی ہے۔ 2 اکتوبر سے مغربی بنگال، جھارکھنڈ، بہار اور اڑیسہ میں کئی مقامات پر بھاری بارش ہو سکتی ہے۔
دسہرہ پر اڑیسہ میں برسیں گے بادل
اڑیسہ میں 2 اکتوبر کو دسہرہ کے دن بھاری بارش کے امکانات ہیں۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق، 1 اکتوبر کو خلیج بنگال کے اوپر کم دباؤ کا علاقہ بننے کا امکان ہے جس کے باعث اڑیسہ میں بھاری بارش ہو سکتی ہے۔
اتر پردیش کا موسم کیسا ہے؟
اتر پردیش کے لوگ شدید گرمی سے پریشان ہیں۔ دن میں تیز دھوپ نکل رہی ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق، ستمبر کا آخری دن بھی گرمی اور حبس سے جھلسائے گا۔ کچھ مقامات پر ہلکی پھوار کے امکانات ہیں لیکن ریاست میں اگلے کچھ دنوں تک بھاری بارش کے آثار نہیں ہیں۔ 2 اکتوبر کے بعد سے ریاست میں بھاری بارش ہو سکتی ہے۔
بہار کا موسم کیسا ہے؟
بہار سے بھی مانسون کی واپسی ہو چکی ہے۔ گرمی اور حبس سے لوگوں کا برا حال ہے۔ دن میں تیز دھوپ اور رات میں بھی حبس کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں۔ آئی ایم ڈی کے مطابق، 1 سے 4 اکتوبر تک بہار کے زیادہ تر علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے جبکہ 4 اور 5 اکتوبر کو بھاری بارش کے امکانات ہیں۔
راجستھان کا موسم کیسا ہے؟
راجستھان کے کئی حصوں میں 29 ستمبر سے 3 اکتوبر تک آندھی اور بوندا باندی کے امکانات ہیں۔ جبکہ مغربی اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 3 سے 5 ڈگری زیادہ رہ سکتا ہے۔
گوا میں 1 اکتوبر تک ’ییلو الرٹ‘
1 اکتوبر تک گوا کی راجدھانی پانجی سمیت ریاست کے کئی حصوں میں ییلو الرٹ جاری ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے بھاری بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دوران موسم طوفانی رہے گا اور ہوا کی رفتار 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہو سکتی ہے جبکہ ساحلی علاقوں میں ہوا کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ گوا میں جمعہ سے ہی بارش جاری ہے۔ ہفتے کو پانجی سمیت ریاست کے کئی حصوں میں بھاری بارش ہوئی۔