وقف کو نااہلی، بدانتظامی اور شفافیت کی کمی جیسے مسائل کا سامنا ہے۔سلمان چشتی

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 01-04-2025
 وقف کو نااہلی، بدانتظامی اور شفافیت کی کمی جیسے مسائل کا سامنا ہے۔سلمان چشتی
وقف کو نااہلی، بدانتظامی اور شفافیت کی کمی جیسے مسائل کا سامنا ہے۔سلمان چشتی

 



نئی دہلی:ہندوستان کے مذہبی اور سماجی و اقتصادی پس منظر میں وقف ایک انتہائی اہم مگر کم استعمال شدہ ادارہ ہے۔ یہ قانونی حیثیت رکھنے والا ادارہ، جو اسلامی روحانی روایات میں جڑیں رکھتا ہے۔ مسلم کمیونٹی کی سماجی اور اقتصادی حالت میں بہتری لانے کی بے پناہ صلاحیت رکھتا ہے۔ تاہم اپنے تاریخی ورثے اور وسیع اراضی کے باوجود، وقف کو نااہلی، بدانتظامی اور شفافیت کی کمی جیسے مسائل کا سامنا ہے۔

 ان خیالات کا اظہار اجمیر درگاہ کے سربراہ حاجی سید سلمان چشتی نے  کیا ہے ، کیرالا کیتھولک باڈی کے بعد  وقف ترمیمی بل کی اب درگاہ اجمیر شریف نے بھی حمایت کردی ہے۔چشتی کا کہنا تھا کہ یہ بل وقف سے جڑے "طویل عرصے سے جاری مسائل" کو حل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجوزہUnified Waqf Management, Empowerment, Efficiency, and Development (UMEED) Bill، جسے وقف (ترمیمی) بل 2024 بھی کہا جاتا ہے، ان دیرینہ مسائل کے حل کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اصلاحات نہایت ضروری ہیں۔ یہ اس بات کو تسلیم کرتی ہیں کہ مسلم کمیونٹی میں وقف جائیدادوں کے غلط استعمال، متولیوں (منتظمین) کی ناقص ساکھ، اور وقف بورڈز کی نااہلیوں کے حوالے سے ایک وسیع اتفاقِ رائے پایا جاتا ہے، جس کی وجہ سے یہ ادارہ اپنی املاک کا مکمل فائدہ نہیں اٹھا سکا۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر کرن ریجیجو نے بھی چشتی کے مؤقف سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ "یہ بل وقف سے جڑے طویل مدتی مسائل کے حل کی کوشش کرتا ہے۔اصلاحات کو قبول کرکے اور احتساب کو یقینی بنا کر ہم یہ ممکن بنا سکتے ہیں کہ وقف اپنی اصل غرض و مقاصد  کو پورا کرے، یعنی مسلم کمیونٹی کو فائدہ پہنچائے اور وسیع تر سماج میں بھی مثبت کردار ادا کرے۔

اجمیر درگاہ کے سربراہ نے اپنے دلائل کی تائید میں سچر کمیٹی رپورٹ 2006 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس رپورٹ کے مطابق وقف جائیدادوں سے سالانہ 12,000 کروڑ روپے آمدنی پیدا ہو سکتی ہے۔تاہم اقلیتی امور کی وزارت کے سروے کے مطابق وقف جائیدادوں کی تعداد 8.72 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ آج، افراطِ زر اور نئی تخمینوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے، یہ ممکنہ آمدنی 20,000 کروڑ روپے سالانہ تک جا سکتی ہے، مگر حقیقت میں پیدا ہونے والی آمدنی محض 200 کروڑ روپے ہے۔