منجیت ٹھاکر / چندی گڑھ
پنجاب کے ضلع موگا کے دارولی بھائی بلاک کا گاؤں صفو والا پوری ریاست کے لئے ایک مثال بن چکا ہے کیونکہ اب تک اس گاؤں کے 370 افراد کوکورونا سے بچاؤ کے قطرے پلائے جاچکے ہیں اور ان میں سے تقریبا 175 افراد 60 سال یا اس سے زیادہ عمر کے ہیں ۔
تاہم ، پنجاب بھر کے محکمہ صحت کو لوگوں کے اندر موجود کورونا ویکسین کے حوالے سے خدشات سے نبرد آزما ہونا پر رہا ہے ہے - ویکسین کے حوالے سے ہچکچاہٹ عام لوگوں کے ساتھ ساتھ ریاست کے صحت کے کارکنوں میں بھی ہے لیکن موگا کے گاؤں صفو والا کے عوام نے اس سمت میں ایک مثال قائم کی ہے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ وہاں لگائے گئے کیمپ میں ایک ہی دن میں گاؤں کے 250 افراد کو ویکسین کے قطرے پلائے گئے۔
انگریزی اخبار انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق گاؤں کے سرپنچ 47 سالہ لکونت سنگھ نے لوگوں کی حوصلہ افزائی کے لئے پہلے خود ویکسین لگوائی ۔ جس کے بعد گاؤں کے لوگوں کو یقین ہوگیا کہ یہ ویکسین محفوظ ہے۔ لیکن ویکسینیشن مہم شروع کرنے سے پہلے پورے گاؤں میں صفائی مہم بھی چلائی گئی تھی۔ گاؤں کے لوگوں نے اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
صفو والا گاؤں میں ساٹھ ، ستر ، اسی اور اس سے زیادہ عمر کے افراد بھی ویکسین کے لئے آگے آ رہے ہیں۔ ڈاکٹروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایک ہی گاؤں میں ایک دن میں 250 افراد کو ٹیکہ لگانا کسی معجزے سے کم نہیں ہے ، یہاں تک کہ جب پنجاب کے دیہاتوں میں ویکسین سے متعلق افواہوں کا بازار گرم ہے ۔