آواز دی وائس، ممبئی
راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سرسنگھ چالک ڈاکٹر موہن بھاگوت نے کہا ہے کہ ہندوستان میں رہنے والا ہر شہری، چاہے اس کی عبادت کا طریقہ کچھ بھی ہو، تہذیب اور قوم کے اعتبار سے ایک ہی ہے۔ ان کے مطابق اس تناظر میں ’’ہندو مسلم اتحاد‘‘ کی اصطلاح تکنیکی طور پر درست محسوس نہیں ہوتی، کیونکہ اتحاد تو دو مختلف اکائیوں کے درمیان ہوتا ہے، جبکہ ہندوستانی سماج پہلے ہی ایک وحدت کی شکل رکھتا ہے۔
وہ ممبئی کے نہرو سینٹر میں آر ایس ایس کی صد سالہ تقریبات کے موقع پر منعقدہ لیکچر سیریز ’’سنگھ کے سفر کے 100 سال، نیو ہورائزنز‘‘ سے خطاب کر رہے تھے۔ اپنی تقریر میں انہوں نے 1947 کی تقسیم، ہندوستانی آئین کی روح اور مسلم کمیونٹی کے ساتھ مکالمے کی ضرورت پر تفصیل سے اظہار خیال کیا۔
ڈاکٹر موہن بھاگوت نے کہا کہ تقسیم کے بعد ہندوستان نے خود کو کسی مخصوص مذہبی ریاست کے طور پر پیش کرنے کے بجائے ایک جامع اور ہمہ گیر آئین کو اختیار کیا، جو دراصل ہندوستانی سماج کی فکری پختگی اور ہندو ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کے مطابق ہندوستان کا آئین قدیم دھرم اور اخلاقی قدروں کی جدید شکل ہے، جس کی بنیاد ’’واسودھائیو کٹمبکم‘‘ یعنی پوری دنیا کو ایک خاندان ماننے کے تصور پر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہندوستان نے ایسی جمہوریت کو اپنایا جہاں تمام شہریوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔
1947 کی تقسیم کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ اس وقت پیش آیا جب ہم اپنی بنیادی فکری قدروں سے دور ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ تقسیم کے بعد پاکستان نے خود کو ایک مسلم قوم کے طور پر متعارف کرایا، جبکہ ہندوستان نے سب کے لیے ایک قوم بنے رہنے کا فیصلہ کیا۔ ان کے مطابق آج بھی ہندوستان میں اسلام اور عیسائیت محفوظ ہیں، کیونکہ یہاں کی اکثریتی سماج کسی کے مذہب یا عقیدے کی توہین نہیں کرتا۔
VIDEO | Mumbai, Maharashtra: Actor Salman Khan attends the RSS centenary event in Mumbai, addressed by RSS chief Mohan Bhagwat.
— Press Trust of India (@PTI_News) February 7, 2026
(Full video available on PTI Videos - https://t.co/n147TvrpG7) pic.twitter.com/l1dZTM4Ote
سرسنگھ چالک نے مسلم اور عیسائی برادریوں کے ساتھ براہ راست بات چیت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان برادریوں کے آباؤ اجداد اسی سرزمین کے باشندے تھے اور ان کی ثقافت آج بھی ہندوستانی تہذیب سے جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہندو مذہب کو ماننے کا مطلب یہ نہیں کہ کسی کی عبادت، زبان یا شناخت بدل دی جائے، بلکہ یہ تنوع اور سلامتی کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے اس بات کو بھی تسلیم کیا کہ بعض پالیسیوں اور ردعمل پر اختلافات پیدا ہوتے ہیں، لیکن سماج کو تقسیم کرنے والی قوتوں کا جواب مکالمے اور افہام و تفہیم کے ذریعے دینا چاہیے۔اپنی تقریر میں ڈاکٹر بھاگوت نے ’’سودیشی‘‘ کے تصور پر بھی بات کی اور کہا کہ اسے صرف اشیا کی خرید و فروخت تک محدود نہیں رکھنا چاہیے بلکہ اسے طرز زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔ ان کے مطابق ہر شہری کو پانچ سطحوں پر ہندوستانیت پر فخر ہونا چاہیے، زبان، لباس، سیاحت، خوراک اور رہائش۔
تقریب کے دوران ایک دلچسپ منظر اس وقت دیکھنے کو ملا جب ڈاکٹر موہن بھاگوت نے اپنی تقریر میں بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کا حوالہ دیا۔ انہوں نے معاشرے میں فیشن اور آئیڈیلز کے اثرات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آج کا نوجوان طبقہ بغیر سوچے سمجھے فلمی ستاروں کی نقالی کر رہا ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ کالج کے طلبہ وہی لباس پہنتے ہیں جو سلمان خان فلموں میں پہنتے ہیں، اور اگر ان سے اس کی وجہ پوچھی جائے تو ان کے پاس کوئی معقول جواب نہیں ہوتا، بس یہی کہا جاتا ہے کہ چونکہ سلمان خان نے پہنا ہے اس لیے ہم بھی پہنتے ہیں۔
یہ تقریر نہ صرف ہندوستانی سماج کی فکری سمت پر روشنی ڈالتی ہے بلکہ مکالمے، برداشت اور ثقافتی ہم آہنگی کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتی ہے۔