امریکہ ٹیرف سے 600 بلین ڈالر وصول کرے گا، ٹرمپ کا دعویٰ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 06-01-2026
امریکہ ٹیرف سے 600 بلین ڈالر وصول کرے گا، ٹرمپ کا دعویٰ
امریکہ ٹیرف سے 600 بلین ڈالر وصول کرے گا، ٹرمپ کا دعویٰ

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
ان دنوں دنیا بھر میں امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ خبروں میں چھائے ہوئے ہیں۔ ان کے حالیہ اقدام، یعنی وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی گرفتاری، نے پوری دنیا کو چونکا دیا۔ اسی کے ساتھ اب انہوں نے ایک اور بڑا دعویٰ کیا ہے کہ ان کی جانب سے عائد کیے گئے ٹیرف کے ذریعے امریکہ کو 600 ارب ڈالر حاصل ہونے والے ہیں۔ اس کی جانکاری انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل کے ذریعے دی۔
صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے پیر کے روز دعویٰ کیا کہ امریکہ کو ٹیرف سے 600 ارب امریکی ڈالر سے زیادہ رقم حاصل ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے ممالک پر لگائے گئے ٹیرف کی وجہ سے امریکہ قومی سلامتی کے اعتبار سے بھی اور معاشی طور پر بھی پہلے کے مقابلے کہیں زیادہ مضبوط ہوا ہے۔
ٹروتھ سوشل پر پوسٹ کے ذریعے دعویٰ
صدر ٹرمپ نے ’ٹروتھ سوشل‘ پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ہم جلد ہی ٹیرف کے ذریعے 600 ارب ڈالر سے زیادہ رقم حاصل کریں گے، لیکن فیک نیوز میڈیا اس پر بات نہیں کرتا۔ وہ اس پر بات کرنے سے انکار کرتا ہے کیونکہ وہ ہمارے ملک سے نفرت کرتے ہیں اور ہمارے ملک کی توہین کرتے ہیں۔ وہ آنے والے ٹیرف فیصلے میں مداخلت کرنا چاہتے ہیں، جو امریکہ کی سپریم کورٹ کے اب تک کے سب سے اہم فیصلوں میں سے ایک ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ ٹیرف کی وجہ سے امریکہ معاشی اور قومی سلامتی کے نقطۂ نظر سے پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہو چکا ہے۔
پہلے بھی کئی رپورٹس میں کیا جا چکا ہے دعویٰ
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں امریکی ٹیرف سے حاصل ہونے والی آمدنی کے تخمینوں کو لے کر کئی رپورٹس سامنے آئی ہیں، جن میں یہ اندازہ لگایا گیا تھا کہ یہ رقم 200 سے 300 ارب ڈالر کے درمیان ہو سکتی ہے۔ ان تخمینوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ میڈیا ریونیو کلیکشن کو نظر انداز کر رہی ہے۔
ادھر امریکہ کی سپریم کورٹ میں ٹیرف نظام کی جانچ جاری ہے، کیونکہ یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ صدر ٹرمپ نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا ہے۔ اس معاملے پر عدالت میں آخری بار نومبر 2025 میں سماعت ہوئی تھی، جس کے بعد اسے 2026 تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا تھا۔
گزشتہ سال کئی ممالک پر لگائے گئے تھے ٹیرف
بتا دیں کہ وائٹ ہاؤس میں اپنی دوسری مدتِ کار کے دوران ڈونالڈ ٹرمپ نے گزشتہ سال دنیا بھر کے ممالک سے درآمدات پر کئی ٹیرف لگانے کا اعلان کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کے ساتھ کئی ممالک نے منصفانہ رویہ اختیار نہیں کیا، کیونکہ وہ امریکی مصنوعات پر کہیں زیادہ ٹیرف عائد کرتے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے گزشتہ سال 2 اپریل 2025 سے ہندوستان، برازیل، چین سمیت کئی ممالک پر ٹیرف لگانے کا اعلان کیا تھا۔