دنیا کی بلند ترین عمارت پر سجے گا ترنگا

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 14-08-2025
دنیا کی بلند ترین عمارت پر سجے گا ترنگا
دنیا کی بلند ترین عمارت پر سجے گا ترنگا

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
ہندوستان اس سال اپنا 79واں یومِ آزادی منائے گا۔ اس موقع پر دنیا کی سب سے بلند عمارت ’’برج خلیفہ‘‘ اس بار ہندوستانی ترنگے سے سجے گی۔ دبئی میں ہندوستانی قونصلیٹ کے مطابق 15 اگست کو مقامی وقت کے مطابق شام 7 بج کر 50 منٹ پر برج خلیفہ کو ترنگے کی روشنیوں سے منور کیا جائے گا۔  ہندوستان کی آزادی کے 79 سال مکمل ہونے کے موقع پر متحدہ عرب امارات کے دیگر اہم مقامات کو بھی ہندوستانی ترنگے کی روشنیوں سے سجانے کی توقع ہے۔
اسی دوران، گرمی کے موسم کو مدِنظر رکھتے ہوئے، متحدہ عرب امارات میں واقع ہندوستانی سفارتی مشنز نے 15 اگست کو پرچم کشائی کی تقریبات پہلے ہی طے کر دی ہیں۔ دبئی میں ہندوستانی قونصلیٹ میں پرچم کشائی صبح 6 بج کر 30 منٹ پر ہوگی، جبکہ ابوظہبی میں واقع ہندوستانی سفارتخانے میں یہ پروگرام جمعہ کی صبح 7 بج کر 15 منٹ پر ہوگا۔ ابوظہبی میں سفیر سنجے سدھیر ہندوستانی پرچم لہرائیں گے اور مہا قونصل ستیش کمار سیون یومِ آزادی کے موقع پر دبئی میں تقریب کی قیادت کریں گے۔
متحدہ عرب امارات میں تارکینِ وطن کی سب سے بڑی آبادی ہندوستانیوں کی ہے۔ ملک میں تقریباً 43 لاکھ ہندوستانی شہری مقیم ہیں، جو کل آبادی کا تقریباً 35 فیصد ہیں۔ یومِ آزادی سے قبل متحدہ عرب امارات میں مختلف پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں، جہاں ہندوستانی برادری کے ارکان مل کر جشن منا رہے ہیں۔ ابوظہبی میں واقع ہندوستانی سفارتخانہ بھی 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر ہندوستانی کاروباری اداروں اور تنظیموں کے ساتھ شراکت میں کئی پروگراموں کا انعقاد کر رہا ہے۔
دہلی میں ’’ہر گھر ترنگا‘‘ پروگرام
ادھر، دہلی کی وزیرِ اعلیٰ ریکھا گپتا نے یہاں ’’بھارت منڈپم‘‘ میں بدھ کے روز منعقدہ ’’ہر گھر ترنگا‘‘ پروگرام میں کہا کہ ترنگا ہندوستان کے حوصلے، اتحاد اور خوابوں کی علامت ہے۔ وزیرِ اعلیٰ ریکھا نے پروگرام میں لوگوں سے قومی پرچم کا احترام کرنے اور ملک کی خدمت کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ ان کا جسم، روح اور ساری زندگی ملک کے لیے وقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی پرچم کے تین رنگ حوصلے، امن اور خوشحالی کی علامت ہیں اور یہ ہندوستان کے عوام کو ہمیشہ تحریک دیتے رہیں گے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا، ’’شہادت کی خواہش آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ’’ہر گھر ترنگا‘‘ مہم اسی جذبے کی ایک مثال ہے۔ وزیرِ اعلیٰ گپتا نے اس سال کے یومِ آزادی تقریبات کے دوران غیر معمولی جوش و اتحاد پیدا کرنے کے لیے وزیرِ اعظم نریندر مودی کی قیادت، غیر متزلزل عزم اور دور اندیشی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم مودی نے سیاست سے بالاتر ہو کر ملک کو حب الوطنی کے جذبے سے متحد کیا اور اسے عالمی سطح پر ایک معاشی طاقت کے طور پر قائم کیا۔