نئی دہلی/ آواز دی وائس
سپریم کورٹ نے آج (22 ستمبر 2025) پیر کو کہا کہ وہ احمد آباد میں حادثے کا شکار ہونے والے ایئر انڈیا طیارے کے حادثے کی آزادانہ تحقیقات کی درخواست پر سماعت کرے گا۔ 12 جون کو احمد آباد سے لندن گیٹ وِک جانے والی ایئر انڈیا فلائٹ اے آئی 171 پرواز بھرنے کے فوراً بعد حادثے کا شکار ہوئی تھی جس میں کل 265 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ سپریم کورٹ نے ایک عوامی مفاد کی عرضی پر کارروائی کرتے ہوئے مرکزی حکومت اور دیگر متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کیے۔ اس عرضی میں حادثے کی آزاد، غیر جانبدار اور فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ نے پیر کو ایئر انڈیا طیارے کے حادثے کی عدالت کی نگرانی میں آزاد تحقیقات کی درخواست پر نوٹس جاری کیا ہے۔ عدالت نے سول ایوی ایشن وزارت، ڈی جی سی اے اور ایئرکرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو سے جواب طلب کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ یہ نوٹس صرف اس مقصد کے لیے جاری کیا جا رہا ہے کہ تحقیقات آزاد، غیر جانبدار اور جلد مکمل ہوں۔
عرضی میں کیا کہا گیا؟
عرضی کنندہ کی جانب سے سینئر وکیل پرشانت بھوشن نے کہا کہ حادثے کو 100 دن سے زیادہ ہو گئے ہیں، لیکن اب تک صرف ابتدائی رپورٹ سامنے آئی ہے۔ اس میں نہ تو حادثے کے حقیقی اسباب کی نشاندہی کی گئی ہے اور نہ ہی مستقبل میں حفاظتی اقدامات کا ذکر کیا گیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بوئنگ طیارے سے سفر کرنے والے مسافر آج بھی ممکنہ خطرے میں ہیں۔
بھوشن نے یہ بھی دلیل دی کہ حادثے کی تحقیقات کے لیے جو پانچ رکنی کمیٹی بنائی گئی ہے، اس میں سے تین افسرانڈی جی سی اے کے ہیں، جبکہڈی جی سی اے کی خود کی ذمہ داری بھی تحقیقات کے دائرہ کار میں آ سکتی ہے۔ اس طرح مفادات کا سنگین ٹکراؤ ہے اور یہ کمیٹی غیر جانبدار تحقیقات کرنے کے قابل نہیں مانی جا سکتی۔
جسٹس سُوریا کانت نے سماعت کے دوران کہا کہ غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ سمجھ میں آتا ہے، لیکن یہ بھی سوال ہے کہ عرضی کنندہ نے اتنی زیادہ معلومات عوام کے سامنے لانے کی درخواست کیوں کی ہے۔
یہ عرضی کیپٹن امیت سنگھ کی قیادت والے ایوی ایشن سیفٹی این جی او “کنسٹِی ٹیوشن بائے سیفٹی میٹرز فاؤنڈیشن” کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ اس میں ایئرکرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو کی ابتدائی رپورٹ پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کئی اہم معلومات چھپائی گئی ہیں اور پوری ذمہ داری پائلٹ پر ڈال دی گئی۔