مسلمانوں میں طلاق کے مروجہ طریقوں پر سپریم کورٹ سماعت کو تیار

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 19-11-2025
مسلمانوں میں طلاق کے مروجہ طریقوں پر سپریم کورٹ سماعت کو تیار
مسلمانوں میں طلاق کے مروجہ طریقوں پر سپریم کورٹ سماعت کو تیار

 



نئی دہلی [ہندوستان]: سپریم کورٹ نے بدھ کے روز مسلمانوں میں رائج بعض طلاق کے طریقوں کو چیلنج کرنے والی متعدد درخواستوں کی سماعت پر رضا مندی ظاہر کی ہے، جن کے بارے میں دعویٰ ہے کہ یہ بیویوں کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھتے ہیں۔

جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی میں قائم بینچ نے دو درخواست گزاروں کے دلائل سننے کے بعد یہ معاملہ آئندہ بدھ، 26 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا۔ عدالت صحافی حنا بینظیر کے مقدمے کی سماعت کر رہی تھی، جو کئی درخواست گزاروں میں شامل ہیں۔ بنظیر نے الزام لگایا ہے کہ ان کے شوہر نے انہیں طلاق دینے کی کوشش ایک طلاق نامہ کے ذریعے کی، جو اُن کے وکیل نے بھیجا، اور شوہر نے خود طلاق کا اعلان نہیں کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ طریقہ اسلامی روایت اور ان کے قانونی حقوق دونوں کے خلاف ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ 11 صفحات پر مشتمل طلاق نامہ نہ تو شوہر کے دستخط سے مزین ہے اور نہ ہی یہ طلاق خود شوہر نے دی۔ وکیل کے مطابق اس طرح کا عمل انہیں اس خطرے سے دوچار کرتا ہے کہ اگر وہ دوبارہ شادی کریں تو انہیں ایک ہی وقت میں دو شوہروں کی بیوی تصور کیا جا سکتا ہے۔

وکیل نے عدالت سے کہا: "اس کی زندگی خطرے میں ہے۔" ان کا کہنا تھا کہ ایک غیر معتبر طلاق انہیں "کثیر شوہری" جیسی صورتحال میں دھکیل سکتی ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ بےنظیر کا شوہر پہلے ہی "آگے بڑھ چکا" ہے، وہ دوبارہ شادی کر چکا ہے اور دوسری بیوی سے بچہ بھی ہے۔ شوہر کے وکیل، سینئر ایڈووکیٹ ایم آر شمشاد نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ طلاق کا ایسا تفویض کردہ طریقہ اسلام میں رائج ہے۔ تاہم بینچ نے اس طریقے پر سخت تحفظات کا اظہار کیا۔

جسٹس سوریہ کانت نے ریمارکس دیے: "مسئلہ آپ دونوں کے درمیان ہے۔ یہ نیا امتیازی طریقہ کیسے ایجاد کیا جا رہا ہے؟ کوئی کسی کو مقرر کر دیتا ہے… شوہر اپنی ہی بیوی کو بھی نمائندہ بنا سکتا ہے، مگر ایک وکیل شوہر کی طرف سے طلاق کیسے دے سکتا ہے؟ کیا وہ اتنا خود پسند ہے کہ اپنی بیوی کو براہِ راست طلاق بھی نہیں دے سکتا؟ جو بھی بہترین مذہبی طریقہ ہے، اسے اسی پر عمل کرنا ہوگا۔ کیا ہم عورت کی یہی عزت قائم رکھ رہے ہیں؟"

عدالت نے مزید کہا کہ شوہر یہ حق نہیں رکھتا کہ خود اپنی زندگی سے لطف اندوز ہو جبکہ بیوی کی زندگی برباد کر دے۔ بینچ نے درخواست گزار کو یقین دلایا کہ عدالت اس معاملے کا سنجیدگی سے جائزہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ طلاقِ حسن آج بھی رائج ہے، لیکن دیکھنا ہوگا کہ اس میں کس حد تک مداخلت کی ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ طلاقِ حسن میں شوہر تین طہر/مہینوں میں ہر بار ایک مرتبہ طلاق کا اعلان کرتا ہے، جب کہ طلاقِ بدعت (تین طلاق ایک ساتھ) کو سپریم کورٹ نے 2017 میں غیر آئینی قرار دے کر ختم کر دیا تھا۔ ایک اور درخواست گزار نذری نشا نے خود پیش ہو کر بتایا کہ ان کے شوہر نے بھی اسی طرح غیر منظم طریقے سے انہیں طلاق دینے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ طلاق نامے پر شوہر کے دستخط نہ ہونے کی وجہ سے انہیں اپنے پانچ سالہ بچے کے لیے اسکول داخلہ، پاسپورٹ اور دیگر سرکاری سہولتیں حاصل کرنے میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ عدالت نے ان کی بات سننے کے بعد انہیں مشورہ دیا کہ وہ اپنی مشکلات کی تفصیل کے ساتھ ایک درخواست جمع کرائیں تاکہ بچے کی تعلیم اور خاتون کی زندگی اور عزت کے تحفظ کے لیے ہدایات جاری کی جا سکیں۔

عدالت نے ایسی درخواست دائر کرنے کی اجازت دے دی اور کہا کہ عورت اور بچے کی بہبود کے لیے خصوصی احکامات ضروری معلوم ہوتے ہیں۔ عدالت نے شوہر کو اگلی سماعت پر حاضر ہونے کا حکم بھی دیا اور ہدایت کی کہ وہ قانونی طریقے سے طلاق حاصل کرنے کی پابندی کرے۔ کیس کی اگلی سماعت 26 نومبر کو ہوگی، جب سپریم کورٹ طلاق کے ان طریقوں کی قانونی حیثیت کا جائزہ لے گی۔