آپریشن سندور کی کامیابی کی وجہ ملکی ٹیکنالوجی اور دیسی ساختہ ہتھیار ہیں: مودی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 10-08-2025
آپریشن سندور کی کامیابی کی وجہ ملکی ٹیکنالوجی اور دیسی ساختہ ہتھیار ہیں: مودی
آپریشن سندور کی کامیابی کی وجہ ملکی ٹیکنالوجی اور دیسی ساختہ ہتھیار ہیں: مودی

 



 بنگلورو :وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن سندور میں ہندوستان کی کامیابی کی ایک بڑی وجہ دیسی ٹیکنالوجی اور دیسی ساختہ ہتھیاروں کی طاقت ہے۔

انہوں نے خاص طور پر بنگلورو کے نوجوان ہنرمندوں کے تعاون کی تعریف کی، جسے ہندوستان کی سلیکون ویلی کہا جاتا ہے۔ بنگلورو میں میٹرو ریل منصوبوں کے افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھنے کے بعد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا، ’’آپریشن سندور کی کامیابی کے پیچھے ایک بڑی وجہ ہماری ٹیکنالوجی اور دفاعی شعبے میں میک ان انڈیا کی مضبوطی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ بنگلورو اور کرناٹک کے نوجوانوں نے بھی اس میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

ٹیکنالوجی کے میدان میں بنگلورو کی شراکت کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اس خطے کے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ایسی ٹیکنالوجی اور سافٹ ویئر کی تیاری پر توجہ مرکوز کریں جو نہ صرف دنیا بلکہ ہندوستان کی ضروریات کو بھی پورا کرے۔

وزیر اعظم نے کہا، ’’آپریشن سندور کے بعد آج میں پہلی بار بنگلورو آیا ہوں۔ آپریشن سندور میں ہندوستانی فوج کی کامیابی، سرحد پار کئی کلومیٹر اندر دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کی ہماری صلاحیت، اور پاکستان کو — جو ان کے بچاؤ کے لیے آیا تھا — چند گھنٹوں میں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنے کی ہماری طاقت… پرانی دنیا نے نئے ہندوستان کا یہ روپ دیکھا ہے۔‘‘

مسٹر مودی نے ریاستی سطح پر اصلاحات کو مرکز کے ساتھ مل کر آگے بڑھانے اور ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے تمام پرانے اور غیر متعلقہ قوانین و ضوابط کو ختم کر دیا ہے، اور ریاستی حکومتوں کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے قوانین میں اصلاحات کریں اور غیر ضروری فوجداری دفعات کو ختم کریں۔