ٹوکیو/ آواز دی وائس
وزیرِاعظم نریندر مودی کو اُن کے دو روزہ جاپان کے دورے کے دوران داروما گڑیا پیش کی گئی۔ ٹوکیو کے مشہور شُورِنجان مندر کے چیف پجاری نے یہ گڑیا انہیں تحفے کے طور پر دی۔ یہ جاپان کی ایک روایتی گڑیا ہے جسے وہاں کے لوگ دیوتا کی طرح مانتے ہیں۔ یہ گڑیا وزیرِاعظم مودی کو دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید بہتر بنانے کی علامت کے طور پر پیش کی گئی۔ آئیے جانتے ہیں اس گڑیا کی کہانی۔
داروما ڈول کیا ہے؟
داروما ڈول صدیوں سے جاپانی روایت کا اہم حصہ رہی ہے اور اسے خوش بختی کی سب سے بڑی علامت مانا جاتا ہے۔ یہ اپنے گول، سرخ رنگ اور کھوکھلے ڈھانچے سے پہچانی جاتی ہے۔ اس پر صرف ایک چہرہ بنایا جاتا ہے، لیکن اس کے ہاتھ یا پاؤں نہیں ہوتے۔ یہ کسی گلک کی طرح نظر آتی ہے۔ یہ گڑیا "بودھی دھرما" یا جاپانی زبان میں "داروما" کی نمائندگی کرتی ہے۔ داروما پانچویں صدی کے ایک بدھ بھکشو تھے جنہیں جاپان میں اس مذہب کی بنیاد رکھنے کا سہرا دیا جاتا ہے۔
اس گڑیا کی ساخت کے پیچھے بھی جاپان میں ایک کہانی ہے۔ روایت کے مطابق بدھ سنیاسی کے سخت دھیان کی وجہ سے اُن کے ہاتھ اور پاؤں ختم ہو گئے تھے اور وہ کچھ اسی طرح دکھتے تھے جیسے داروما ڈول نظر آتی ہے۔ اس گڑیا کو کچھ اس طرح بنایا جاتا ہے کہ یہ گرنے پر خود ہی سیدھی کھڑی ہو جاتی ہے۔
ہندوستان سے بھی تعلق
داروما ڈول کا تعلق صرف جاپان سے نہیں ہے بلکہ اس کے رشتے ہندوستان سے بھی جُڑے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ داروما، مدورئی کے "بودھی سینا" نامی ایک بدھ بھکشو سے متاثر ہے۔ وہ پانچویں صدی کے دوران چین گئے اور پھر وہاں سے جاپان کا رُخ کیا۔ انہیں ہی جاپان اور چین میں بدھ مذہب کا بانی مانا جاتا ہے۔ شنتو مذہب کے بعد جاپان میں بدھ مت کو ماننے والوں کی سب سے بڑی تعداد موجود ہے۔