اسٹاک مارکیٹ دوبارہ عروج پر

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 16-09-2025
اسٹاک مارکیٹ دوبارہ عروج پر
اسٹاک مارکیٹ دوبارہ عروج پر

 



ممبئی/ آواز دی وائس
مقامی شیئر بازار میں منگل کو تیزی لوٹ آئی اور بی ایس ای سینسیکس تقریباً 595 پوائنٹس بڑھ گیا جبکہ این ایس ای نفٹی میں 170 پوائنٹس کا اضافہ درج کیا گیا۔ ہندوستان-امریکہ تجارتی معاہدے کو لے کر بات چیت کے مثبت نتائج آنے کی امید میں بازار میں تیزی رہی۔
تیس حصص پر مبنی بی ایس ای سینسیکس 594.95 پوائنٹس یعنی 0.73 فیصد کی بڑھت کے ساتھ 82,380.69 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروبار کے دوران ایک وقت یہ 657.74 پوائنٹس تک چڑھ گیا تھا۔
پچاس حصص والا این ایس ای نفٹی 169.90 پوائنٹس یعنی 0.68 فیصد بڑھ کر 25,239.10 پوائنٹس پر بند ہوا۔ ایک افسر نے منگل کو بتایا کہ ہندوستان اور امریکہ کے اہم مذاکرات کاروں نے مجوزہ تجارتی معاہدے سے جڑے مسائل کو حل کرنے کے لیے بات چیت شروع کر دی ہے۔ امریکہ کے بھاری ٹیرف نے برآمد کنندگان کے لیے غیر یقینی صورتحال پیدا کر دی تھی۔
اس ہفتے ہونے والی امریکی فیڈرل ریزرو کی پالیسی میٹنگ سے پہلے ایشیائی اور امریکی بازاروں میں تیزی رہی جس کا مثبت اثر گھریلو بازار پر پڑا۔ سینسیکس کی کمپنیوں میں کوٹک مہندرا بینک، لارسن اینڈ ٹوبرو، مہندرا اینڈ مہندرا، ماروتی، بھارٹی ایئرٹیل اور ٹاٹا اسٹیل بڑے فائدے میں رہیں۔ دوسری طرف نقصان میں رہنے والے حصص میں ایشین پینٹس اور بجاج فائننس شامل ہیں۔
آنے والے امریکی فیڈرل ریزرو کے پالیسی فیصلے میں بنیادی شرح سود میں 0.25 فیصد کٹوتی کی امید اور ہندوستان-امریکہ تجارتی بات چیت کے دوبارہ شروع ہونے سے پیدا ہوئی نئی امید اور موافق عالمی اشاروں کی وجہ سے گھریلو بازار میں بہتری کا رجحان رہا۔
جیوجیت انویسٹمنٹس لمیٹڈ کے ریسرچ ہیڈ ونود نائر نے کہا کہ نئی جی ایس ٹی شرحوں کے لاگو ہونے اور تہواروں کے دوران مانگ بڑھنے کی امید سے آٹو اور ڈیو ایبل کنزیومر گڈز سیکٹر کے حصص نے بہتر کارکردگی دکھائی۔
ایشیا کے دیگر بازاروں میں جنوبی کوریا کا کوسپی، جاپان کا نکئی اور چین کا شنگھائی کمپوزٹ مثبت دائرے میں رہے، جبکہ ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ نقصان میں رہا۔
یورپ کے اہم بازاروں میں دوپہر کے کاروبار میں گراوٹ کا رجحان تھا۔ امریکی بازار پیر کو تیزی کے ساتھ بند ہوئے تھے۔ عالمی تیل کا معیار برینٹ کروڈ 0.55 فیصد گر کر 67.07 ڈالر فی بیرل پر رہا۔ شیئر بازار کے اعداد و شمار کے مطابق، غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں (ایف آئی آئی) نے پیر کو 1,268.59 کروڑ روپے مالیت کے حصص بیچے۔
سینسیکس پیر کو 118.96 پوائنٹس نقصان میں رہا تھا جبکہ نفٹی میں 44.80 پوائنٹس کی گراوٹ آئی تھی۔