تھکے نہیں ہیں ابھی تک الله کے ان بندوں کے کندھے

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 30-04-2021
 تھکے نہیں ہیں  کندھے
تھکے نہیں ہیں کندھے

 

 

آواز دی وائس ۔میرٹھ

کورونا وبا کی بد ترین لہر سے نبرد آزما ملک میں جہاں ایک جانب اپنے ہی آخری وقت میں منہ موڑ رہے ہیں، وہیں دوسری جانب مسلمان معاشرہ انسانیت کی زندہ تصویر بن کر میدان میں اتر کر پوری قوت سے کورونا کی شکل والے خونی دشمن کے ساتھ مزاحمت کر رہا ہے ۔ اس حقیقت کا ثبوت ہاپور بس اسٹینڈ پر دیکھنے کو ملا جب ایک ہندو ضعیفہ کا مسلمان نوجوانوں نے مل کر انتم سنسکار کیا ۔واضح رہے کہ جہاں ایک طرف ملک بھر میں پھیل چکی وبا نے لوگوں کا زندہ رہنا مشکل بنا دیا ہے، وہیں دوسری طرف جو لوگ زندگی کی جنگ ہار گیۓ ہیں ان کا بھی کورونا کی لعنت پیچھا نہیں چھوڑ رہی ہے ۔ کورونا سے مرنے والوں سے ان کے اپنے ہی دامن چھڑا کے بھاگ رہے ہیں ۔ لیکن الله انسان کی شکل میں فرشتوں کو ایسے نازک وقت میں بھیج دیتا ہے ۔

گزشتہ روز میرٹھ کے ہاپور اسٹینڈ کے قریب رام نگر محلے میں بھی الله نے چند ایسے ہی بے لوث اور مخلص بندے ایک ضعیف ہندو خاتون کے لئے بھیج دئے، جب اس کے اپنے رشتےدار اس کی موت کے بعد اس سے دور ہو گیۓ اور اسکا انتم سنسکار کرنے کے لئے کترانے لگے ۔

ایسے گاڑھے وقت میں شہر کے چند مسلم نوجوان آگے آئے اور ارتھی کو کندھا ہی نہیں دیا بلکہ ہندو رسومات کے مطابق اس کا انتم سنسکار بھی کیا ۔ قومی یک جہتی اور مسلمانوں کی بے لوث خدمات کی یہ کوئی پہلی مثال نہیں ہے، بلکہ اس کورونا دور میں روز کہیں نہ کہیں سے یہ بات سننے میں ضرور آتی ہے کہ مسلم نوجوانوں نے اپنے ہندو بھائیوں کو اس وقت بھی تنہا نہیں چھوڑا جب ان کے اپنے رشتے دار بھی آخری رسومات میں شامل ہونے سے کتراتے رہے ۔