علماء کی خدمات تاریخِ ہند کا روشن باب: قاری عبدالمعید

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 17-09-2025
علماء کی خدمات تاریخِ ہند کا روشن باب: قاری عبدالمعید
علماء کی خدمات تاریخِ ہند کا روشن باب: قاری عبدالمعید

 



بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری)ہندوستان کی تاریخ علماء کرام کے تذکرہ کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتی۔ آزادی کی تحریک ہو یا قومی و ملی قیادت، مصیبت و آفات کے ایام ہوں یا خدمتِ خلق کے مواقع، علماء نے ہمیشہ نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ جمعیت علماء نے انگریزی سامراج کے خلاف قید و بند کی صعوبتیں جھیلنے کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کے دینی و دنیاوی تقاضوں کو پورا کرنے اور رہنمائی فراہم کرنے میں کبھی پیچھے قدم نہیں ہٹایا۔ معاشرتی سطح پر قومی ہم آہنگی اور امن و امان کی فضا قائم کرنے اور قدرتی آفات میں ریلیف ورک کا فریضہ انجام دینا بھی جمعیت علماء کی تاریخ کا روشن باب ہے۔
یہ خیالات جمعیت علماء وسط مشرقی اترپردیش کے ناظم تنظیم اور نگرانِ انتخاب قاری عبدالمعید چودھری نے مسجد سیدنا ابوبکر صدیق، جامعہ دارالرشاد بنکی میں منعقدہ جمعیت علماء ضلع بارہ بنکی کے انتخابی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ظاہر کیے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں سب سے اہم کام نئی نسل کے ایمان کا تحفظ ہے۔ اسی مقصد کے پیش نظر جمعیت علماء ہند کے صدر مولانا سید محمود اسعد مدنی نے گھر گھر دین پہنچانے کے لیے مکاتب کا جال بچھانے اور معاشرے کو جوا، سٹہ، شراب نوشی اور دیگر نشہ آور برائیوں سے پاک کرنے کی تحریک شروع کی ہے۔
اجلاس کی صدارت جامعہ دارالرشاد بنکی کے مہتمم مولانا سید عبدالحمید قاسمی نے کی۔ اجلاس کا آغاز قاری محمد شیث کی تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد متعلم جامعہ ابو ہریرہ نے نعت شریف اور حافظ محمد عارف و حافظ نیازالدین نے ترانہ جمعیت پیش کیا۔
جمعیت علماء اصلاحِ معاشرہ کمیٹی کے کنوینر مولانا سید محمد اظہر قاسمی نے کہا کہ جمعیت گزشتہ ایک صدی سے زائد عرصہ سے ملک میں محبت، ہم آہنگی اور انسانیت کی خدمت میں مصروفِ عمل ہے۔ یہ جماعت بلا تفریق مذہب و ملت رفاہی اور امدادی سرگرمیوں کو انجام دیتی رہی ہے اور تقسیم ہند کی سخت مخالفت کرتے ہوئے مسلمانوں کو اس کے نقصانات سے آگاہ کیا تھا۔
جنرل سیکریٹری مولانا محمد جمال قاسمی نے گزشتہ تین برسوں کی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور کہا کہ جماعتی سطح پر کاموں میں باہمی رفاقت اور احساسِ جواب دہی ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔ اسی اصول کے تحت جمعیت علماء اپنے کارکنان کے مابین ذمہ داریاں تقسیم کرتی ہے تاکہ گاؤں اور محلوں کی سطح تک افراد تیار ہو سکیں اور رفاہی و دینی کاموں کو بخوبی انجام دیا جا سکے۔
انتخابی عمل کے دوران متفقہ طور پر قاری محمد اللہ صدیقی کو پانچویں مرتبہ صدر منتخب کیا گیا۔ نائب صدر اول کی ذمہ داری مولانا سید عبدالحمید قاسمی اور نائب صدر دوم کی ذمہ داری مولانا محمد فیاض قاسمی حیدرگڑھ کو سونپی گئی۔ ناظم عمومی کے لیے دوبارہ مولانا محمد جمال قاسمی منتخب ہوئے۔ اسی طرح مولانا سید محمد اظہر قاسمی سیکریٹری اول، حافظ احمد اللہ صدیقی سیکریٹری دوم، مولانا عبدالرفیع قاسمی معاون سیکریٹری، مولانا زید ندوی خازن، ایڈوکیٹ احمد سعید فتح پوری قانونی مشیر اور قاری نجم الحسن انصاری میڈیا انچارج منتخب ہوئے۔
اجلاس میں مولانا طارق، مولانا فیضان ندوی، مولانا اصغر مدینی، مولانا رفیق قاسمی، حافظ نظام الدین خدائے پور، حافظ محمد نسیم، ماسٹر محمد اکرم، مولانا غیاث الدین قاسمی، مولانا مشتاق، حافظ محمد یوسف، مولانا نور محمد قاسمی، مولانا احتشام ندوی، قاری حامد اللہ صدیقی، محمد اسلم صدیقی، حاجی افضال الرحمن انصاری، حاجی عطاء الرحمن انصاری، مولانا محبوب الٰہی سترکھ، قاری محمد مدثر دریابادی، سراج احمد، قاری محمد وسیم، مولانا افتخار قاسمی، قاری محمد احمد، قاری محمد شعیب، قاری ابو بکر، ماسٹر عاصم، مولانا مسعود قاسمی، مولانا مرغوب اظہر قاسمی، حمید اللہ صدیقی اور دیگر معززین شریک ہوئے۔ اجلاس کا اختتام مولانا سید عبدالحمید قاسمی کی دعا پر ہوا۔