نئی دہلی/ آواز دی وائس
دیوالی سے پہلے سونا ایک بار پھر سرخیوں میں ہے۔ منگل کے روز سونے کی قیمتیں چھلانگ لگا کر 1.10 لاکھ روپے فی 10 گرام سے اوپر پہنچ گئیں۔ یعنی سونے نے ایک بار پھر اپنا نیا ریکارڈ قائم کر لیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی چاندی کی چمک بھی بڑھ گئی ہے۔ اگر آپ بھی سوچ رہے ہیں کہ اس وقت سونا خریدنا صحیح ہے یا نہیں، تو یہ خبر آپ کے لیے بہت کام کی ہو سکتی ہے۔
سونا اور چاندی خریدنے سے پہلے ہمیشہ تازہ ریٹ معلوم کریں
آج سونا اور چاندی کے ریٹ میں کتنا بدلاؤ ہوا ہے اور یہ اب کس بھاؤ پر دستیاب ہے۔
آج سونے کا ریٹ کیا ہے؟
۔9 ستمبر کو ملٹی کموڈیٹی ایکسچینج پر دسمبر ڈلیوری والا سونا 458 روپے یعنی 0.41فیصد بڑھ کر 1,10,047 روپے فی 10 گرام کے ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔ وہیں اکتوبر ڈلیوری والا سونا 482 روپے یا 0.44فیصد کی تیزی کے ساتھ 1,09,000 روپے پر پہنچ گیا۔ گلوبل مارکیٹ میں بھی کومیکس پر دسمبر کا سونا فیوچر 3,694.75 ڈالر فی اونس کے اب تک کے سب سے اونچے درجے پر پہنچ گیا۔
آج چاندی کا بھاؤ کیا ہے؟
چاندی کی قیمت میں بھی تیزی آئی ہے۔ دسمبر ڈلیوری والی چاندی 429 روپے یعنی 0.34 فیصد بڑھ کر 1,26,000 روپے فی کلو پر پہنچ گئی۔ پچھلے ہفتے چاندی کا ریٹ 1,26,300 روپے فی کلو کے ریکارڈ لیول تک گیا تھا۔
کیوں بڑھ رہے ہیں سونے کے دام؟
ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکہ سے آئی کمزور جاب رپورٹ اور فیڈرل ریزرو کی شرحِ سود میں کٹوتی کی امید نے سونے کی مانگ کو اور بڑھا دیا ہے۔ ڈالر کی کمزوری کا براہِ راست اثر گولڈ پرائس پر دیکھا گیا ہے۔
سونا خریدتے وقت کن باتوں کا رکھیں خیال؟
ماہرین کہتے ہیں سب سے پہلی چیز ہے ہال مارک۔ بغیر ہال مارک والا سونا لینا مطلب رسک لینا۔ اس کے علاوہ، 24 کیرٹ سونا بالکل خالص ہوتا ہے لیکن اس سے زیورات نہیں بنتے۔ زیورات کے لیے 22 کیرٹ اور 18 کیرٹ سونا استعمال ہوتا ہے اور ان کی قیمت الگ ہوتی ہے۔ خریدتے وقت صحیح تقابل کرنا ضروری ہے۔
اسی کے ساتھ جیولر سے تحریری بل ضرور لیں۔ اس بل میں خالصیت، کیرٹ اور نگ کی پوری جانکاری ہونی چاہیے۔ اگر آپ نگ والے زیورات خرید رہے ہیں تو ان کا سرٹیفکیٹ بھی لینا نہ بھولیں۔
سونا خریدنا ہمیشہ اعتماد اور احتیاط کا کھیل ہے۔ قیمتیں ریکارڈ ہائی پر ضرور ہیں، لیکن صحیح جانچ پرکھ کر خریدا گیا سونا ہی آپ کے لیے بہترین سرمایہ کاری ثابت ہوگا۔