حادثے میں زندہ بچنے والے ’واحد‘ مسافر

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 13-06-2025
حادثے میں زندہ بچنے والے ’واحد‘ مسافر
حادثے میں زندہ بچنے والے ’واحد‘ مسافر

 



احمد آباد : ایئر انڈیا کے المناک حادثے میں سوار 241 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم اطلاعات کے مطابق ایک مسافر معجزاتی طور پر زندہ بچ گئے ہیں۔ برطانوی شہری 40 سالہ وشواس کمار رمیش، جو اس بدقسمت پرواز میں شامل تھے، اس وقت احمد آباد کے ایک اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

وشواس نے اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا: ’’طیارہ جیسے ہی فضا میں بلند ہوا، ایک زوردار دھماکہ ہوا اور پھر جہاز نیچے گر پڑا۔ سب کچھ اتنی تیزی سے پیش آیا کہ کچھ سمجھنے کا موقع ہی نہیں ملا۔‘‘ وشواس کے سینے، آنکھوں اور پیروں پر چوٹیں آئی ہیں، مگر خوش قسمتی سے ان کے جسم پر کوئی گہرا یا خطرناک زخم نہیں پایا گیا۔ انڈین ایئر لائنز کی یہ پرواز ریاست دوپہر ایک بج کر 39 منٹ (پاکستانی وقت کے مطابق ایک بج کر 9 منٹ) پر گجرات کے شہر احمد آباد سے لندن کے لیے روانہ ہوئی تھی۔

طیارہ احمد آباد کے سردار ولبھ بھائی پٹیل ہوائی اڈے سے پرواز کے چند منٹ بعد ہی قریبی آبادی پر گر کر تباہ ہو گیا، اور حادثے کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی۔ وشواس کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت ان کے پاس بورڈنگ پاس موجود تھا، جو اسپتال میں بھی ان کے پاس ہے۔ انہوں نے بھارتی میڈیا کو بتایا: ’’جب ہوش آیا تو چاروں طرف لاشیں پڑی تھیں۔ میں خوف زدہ ہو گیا۔ اٹھا اور دوڑنے لگا۔ طیارے کے ٹکڑے ہر سمت بکھرے ہوئے تھے۔ کسی نے مجھے پکڑ کر ایمبولینس میں ڈالا اور اسپتال پہنچایا۔‘

وشواس نے مزید بتایا کہ وہ گزشتہ 20 برس سے لندن میں مقیم ہیں، جہاں ان کی بیوی اور بچہ بھی رہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے بھائی اجے وشواس بھی اسی طیارے میں ان کے ساتھ سفر کر رہے تھے، تاہم ان کی نشست الگ تھی۔ وشواس نے رقت آمیز انداز میں کہا: ’’ہم دونوں سیر کے لیے آئے تھے، وہ میرے ساتھ اسی جہاز میں تھے لیکن اب وہ کہیں نہیں مل رہے۔ براہ کرم میری مدد کریں، انہیں تلاش کریں۔‘‘