نئی دہلی/ آواز دی وائس
ہندوستانی شیئر بازار میں گزشتہ دو دنوں سے جاری تیزی آج تھم گئی۔ دونوں بڑے انڈیکس آج معمولی سطح پر کھلے۔ ہندوستان کے ایکویٹی بینچ مارک ابتدائی کاروبار میں ہرے نشان پر نظر آئے۔ ٹیکس میں کٹوتی کی امید سے متاثرہ دو سیشنز کی بڑھت کے بعد آج بازار سست رفتاری سے کاروبار کرتا دکھا۔ جبکہ ایشیائی حصص بازاروں نے فیڈرل ریزرو کے سالانہ جیکسن ہول کانفرنس سے قبل وال اسٹریٹ پر ٹیکنالوجی حصص کی فروخت دیکھی۔
سینسیکس میں شامل 30 کمپنیوں میں سے بجاج فنانس، ٹاٹا موٹرز، ٹرنٹ، بجاج فِن سَرْو، کوٹک مہندرا بینک اور ٹاٹا موٹرز کے حصص نقصان میں رہے۔ وہیں ایٹرنل، ہندوستانی ایئرٹیل، اِنفوسس اور این ٹی پی سی کے حصص میں تیزی درج کی گئی۔
ایک تجزیہ کار نے کہا کہ امریکی حصص میں گراوٹ کے بعد ایشیائی بازاروں میں بھی کمی آئی۔ ایم ایس سی ای ایشیا ایكس -جاپان میں 1.2 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی کیونکہ سرمایہ کاروں نے زیادہ قیمت والے ہائی ٹیک حصص کو بیچ ڈالا۔
دیگر ایشیائی بازاروں کا حال
ایشیا کے دیگر بازاروں میں چین کا شنگھائی ایس ایس ای کمپوزٹ، ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ، جنوبی کوریا کا کوسپی اور جاپان کا نکیئی 225 سبھی نقصان میں رہے۔ امریکی بازار منگل کو منفی رجحان کے ساتھ بند ہوئے تھے۔ عالمی معیار برینٹ کروڈ 0.11 فیصد بڑھ کر 65.86 ڈالر فی بیرل پر رہا۔
شیئر بازار کے اعداد و شمار کے مطابق، غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کار منگل کو بیچنے والے رہے اور انہوں نے خالص طور پر 634.26 کروڑ روپے کے حصص بیچ ڈالے۔ اسی دوران، سرمایہ کار 21 سے 23 اگست تک جیکسن ہول، وائیومنگ میں فیڈ کی سالانہ میٹنگ کا انتظار کر رہے ہیں۔ زیادہ تر سرمایہ کاروں کو اگلے مہینے شرحِ سود میں 25 بیسِس پوائنٹس کی کٹوتی کی امید ہے، لیکن ٹیرف سے جڑی تشویشات کی وجہ سے بازار محتاط ہے۔