عرس حضرت نظام الدین اولیاء کا آغاز، وزیراعظم مودی کا خراج عقیدت

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 10-10-2025
حضرت نظام الدین اولیاء کا 722 ویں عرس کا آغاز
حضرت نظام الدین اولیاء کا 722 ویں عرس کا آغاز

 



نئی دہلی : آواز دی وائس 

 حضرت نظام الدین اولیاء کا 722 واں عرس کا آغاز ہوگیا ہے ,اس موقع پر ملک کے وزیراعظم نریندر مودی نے ایک پیغام میں نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے، عرس دارالحکومت میں پانچ روز تک منایا جائے گا۔ اس سال بھی اس سے متعلق کئی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔ عرس مبارک کی یہ تقریب 9 اکتوبر سے 13 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ صوفی روایت میں اس دن کو روحانی اتحاد کی علامت سمجھا جاتا ہے،

وزیراعظم مودی نے ایکس پر ایک پیغام میں کہا کہ یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ حضرت نظام الدین اولیاءؒ کا ۷۲۲ واں سالانہ عرس منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس بابرکت موقع پر اُن کے تمام عقیدت مندوں اور چاہنے والوں کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔علم، شفقت اور روحانیت سے معمور صوفی بزرگوں نے ہمیشہ معاشرے میں محبت، بھائی چارے اور ہم آہنگی کا پیغام دیا ہے۔ حضرت نظام الدین اولیاءؒ کی زندگی بھی اسی پیغام کی روشن مثال ہے — آپ نے اپنی پوری زندگی انسانیت، محبت اور اتحاد کے فروغ کے لیے وقف کر دی۔

آپ کی تعلیمات آج بھی اُتنی ہی اہم اور رہنما ہیں، جو ہمیں روحانیت، وسعتِ قلبی اور انسانیت کے مشترکہ اقدار سے جوڑتی ہیں۔حضرت نظام الدین اولیاءؒ کے ۷۲۲ویں عرس کے موقع پر میں اُنہیں عقیدت و احترام کے ساتھ خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔

جمعہ 10 اکتوبر کو خصوصی دعا اور قوالی کا پروگرام ہوگا جبکہ 12 اکتوبر کو عالمی امن کے لیے اجتماعی دعا کا انعقاد کیا جائے گا۔ یہ پروگرام آخری دن یعنی 13 اکتوبر کو اختتامی دعا اور تبرک کی تقسیم کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔ سید التمش نظامی نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی ہندوستان اور بیرون ملک سے عقیدت مند دہلی آئیں گے۔ یہ موقع ہماری مشترکہ ثقافت اور صوفی روایت کی ایک مثال ہے۔

عقیدت مندوں کی بڑی تعداد کے پیش نظر درگاہ اور آس پاس کے علاقوں میں سکیورٹی اور صفائی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ آسانی سے درشن اور شرکت کو یقینی بنایا جا سکے

حضرت نظام الدین کے سالانہ عرس میں پاکستانی زائرین کی شرکت پر خدشات پائے جا رہے ہیں۔ پہلگام میں دہشت گردانہ حملے اور آپریشن سندھور کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں کشیدگی ہے۔آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان کے مطابق پڑوسی ممالک سے آنے والے زائرین کے اس بار آنے کا امکان بہت کم ہے۔ ابھی تک انہیں اس حوالے سے کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ پچھلے سال پاکستانی زائرین کے ایک گروپ نے عرس کے دوران درگاہ نظام الدین اولیاء کا دورہ کیا تھا۔

درگاہ شریف کے چیئرمین سید افسر علی نظامی کے مطابق یہ معاملہ دونوں حکومتوں کے درمیان ہے۔ ہندوستانی حکومت کو ویزے جاری کرنے ہوں گے۔ وہ اس وقت تک کی پیش رفت سے واقف نہیں ہیں اور نہ ہی حکومت کی طرف سے کوئی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ مزار سب کے لیے کھلا ہے۔ اگر کوئی آئے گا تو اس کا استقبال کیا جائے گا، لیکن کسی کو خاص طور پر دعوت نہیں دی جائے گی۔ نظام الدین کا 722 واں سالانہ عرس 9 اکتوبر کو تلاوت کلام پاک سے شروع ہوگا اور 13 اکتوبر تک جاری رہے گا۔اس تقریب میں قوالی ایک مرکزی کردار ادا کرتی ہے۔ ہندوستان اور بیرون ملک سے تقریباً 600,000 عازمین شرکت کرتے ہیں۔

دونوں ممالک کے تعلقات خراب ہونے کے بعد زائرین کی آمد کے سلسلے  کو 2021 میں دوبارہ شروع کیا گیا۔ گزشتہ سال 80 پاکستانی زائرین کے ایک گروپ نے پاکستانی ہائی کمیشن کے اہلکاروں کے ساتھ مزار پر حاضری دی تھی، لیکن اس سال ان کی آمد غیر یقینی ہے۔