مغربی بنگال میں 58 لاکھ ووٹروں کے نام ڈیلیٹ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 16-12-2025
مغربی بنگال میں 58 لاکھ ووٹروں کے نام ڈیلیٹ
مغربی بنگال میں 58 لاکھ ووٹروں کے نام ڈیلیٹ

 



کولکتہ/ آواز دی وائس
مغربی بنگال میں 2026 کے لیے جاری کی گئی ڈرافٹ ووٹر لسٹ سے بڑی تعداد میں نام خارج کر دیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے اپنی سرکاری ویب سائٹ پر ان ووٹروں کی فہرست عام کر دی ہے، جن کے نام 2025 کی ووٹر لسٹ میں شامل تھے لیکن 2026 کی ڈرافٹ فہرست سے ہٹا دیے گئے ہیں۔ کمیشن نے نام خارج کیے جانے کی وجوہات بھی واضح کر دی ہیں۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق، 58 لاکھ سے زیادہ ’ناقابلِ حصول ایس آئی آر اینیومریشن فارم‘ پائے گئے، جن کی بنیاد پر ان ناموں کو ڈرافٹ فہرست سے ہٹایا گیا ہے۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ ان ووٹروں کو ان کے درج شدہ پتے پر غیر حاضر پایا گیا، کچھ ووٹر مستقل طور پر منتقل ہو چکے تھے، کچھ کا انتقال ہو چکا تھا، جبکہ کچھ نام ایک سے زیادہ اسمبلی حلقوں میں نقل (ڈپلیکیٹ) پائے گئے۔
۔24 لاکھ سے زائد ووٹر مردہ پائے گئے
ذرائع نے بتایا کہ 24 لاکھ سے زیادہ ووٹروں کو مردہ پائے جانے کی بنیاد پر فہرست سے خارج کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، 12 لاکھ سے زائد ووٹر اپنے درج شدہ پتے پر موجود نہیں پائے گئے، جبکہ تقریباً 20 لاکھ ووٹر اپنے پرانے انتخابی حلقوں سے مستقل طور پر منتقل ہو چکے ہیں۔ وہیں، 1.38 لاکھ سے زیادہ ووٹروں کے نام ایک سے زیادہ انتخابی حلقوں میں ڈپلیکیٹ درج پائے گئے۔
ذرائع کے مطابق، ووٹر تصدیق اور اینیومریشن کے دوران سامنے آنے والی دیگر پیچیدگیوں کے سبب بھی 57 ہزار سے زیادہ ووٹروں کے نام ڈرافٹ فہرست سے ہٹا دیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ ڈرافٹ ووٹر لسٹ پر دعووں اور اعتراضات کے عمل کے تحت اہل ووٹر ضروری دستاویزات کے ساتھ تصحیح یا دوبارہ رجسٹریشن کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔