نئی دہلی / آواز دی وائس
اتر پردیش کے شاہجہانپور ضلع کے جلال آباد کا نام تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اب اس مقام کو پرسو رام پوری کہا جائے گا۔ وزارتِ داخلہ نے اس کا حکم جاری کر دیا ہے اور کہا ہے کہ اب جلال آباد کو پرشو رام پوری کے نام سے جانا جائے گا۔ اس پر مرکزی وزیر جتن پرساد نے وزیر داخلہ امت شاہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔
مرکزی وزیرِ مملکت جتن پرساد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ لکھتے ہوئے کہا كہ اتر پردیش میں شاہجہانپور واقع جلال آباد کا نام تبدیل کر کے 'پرسو رام پوری' کرنے کی اجازت دینے پر وزیر داخلہ امیت شاہ کا دلی شکریہ ۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا تہہ دل سے شکریہ، وندنا اور آداب۔ آپ کی رہنمائی اور قیادت میں لیا گیا یہ فیصلہ پورے سناتنی سماج کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ بھگوان پرشو رام کے قدموں میں کروڑوں سلام! آپ کی کرپا ہی سے یہ مقدس کام ممکن ہو سکا۔ آپ کی کرپا درشتی پوری دنیا پر قائم رہے۔
وزیرِ داخلہ نے دی منظوری
وزارتِ داخلہ کی جانب سے اتر پردیش کے چیف سیکریٹری کو خط لکھ کر صاف کر دیا گیا ہے کہ مرکز کو جلال آباد کا نام بدل کر پرشو رام پوری کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ یہ خط وزارت نے 27 جون 2025 کو موصول ریاستی حکومت کی درخواست کے جواب میں بھیجا ہے۔ حکم میں کہا گیا ہے کہ نئے نام کو ہندی، انگریزی اور مقامی زبانوں میں شائع کیا جائے۔ ساتھ ہی، اتر پردیش حکومت کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس نام کی تبدیلی کی باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرے اور اس کی اطلاع تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کو دے، جن میں سروے آف انڈیا، وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی، ریلوے بورڈ، ڈاک گھر اور دیگر شامل ہیں۔
کافی عرصے سے ہو رہی تھی نام بدلنے کی مانگ
جلال آباد کو بھگوان پرشو رام کی جنم بھومی مانا جاتا ہے اور یہاں ان کا ایک قدیم و تاریخی مندر بھی موجود ہے۔ اسی وجہ سے لوگ کافی عرصے سے اس نگر کا نام بدل کر پرشو رام پوری رکھنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ نگر پالیکا پریشد نے مارچ 2018 اور ستمبر 2023 میں اپنی میٹنگوں میں یہ تجویز پاس کی تھی۔