ماہ رمضان خود احتسابی، گناہوں سے بچنے اور نزول رحمت کا مہینہ: ڈاکٹر ضیاء الدین

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 19-03-2023
ماہ رمضان خود احتسابی، گناہوں سے بچنے اور نزول رحمت کا مہینہ: ڈاکٹر ضیاء الدین
ماہ رمضان خود احتسابی، گناہوں سے بچنے اور نزول رحمت کا مہینہ: ڈاکٹر ضیاء الدین

 

 نئی دہلی: ہمیں صرف حکومت کی مدد پر منحصر نہیں رہنا چاہئے بلکہ اپنی مدد آپ کے فارمولے کو فروغ دینا چاہئے خدمت خلق ہر آدمی کی شخصی ذمہ داری ہے ان خیالات کا اظہارالحکمہ فاؤنڈیشن کے چیرمین ڈاکٹر ضیاء الدین احمدنے یہاں روزہ کی فرضیت اور افادیت پرمنعقد ایک پروگرام میں کیا انہوں نے مزید کہا کہ رمضان کا مہینہ خود احتسابی، گناہوں سے بچنے اور اپنے رب کو راضی کرنے اور تقوےٰ اختیار کرنے اور خدا کی خاص رحمتوں کے نزول کا مہینہ ہے، ہمیں اس ماہ مبارک سے بھر پور استفادہ کرنا چاہئے۔

اس موقع پرمہمان خصوصی ڈاکٹر عرفان خان، نیچروپیتھ و حجامہ ایکسپرٹ نے کہا کہ انسان روح اور جسم کا ایک مجموعہ ہے۔ہماری روزمرہ کی زندگی میں ان دونوں میں تسلسل پیدا نہیں ہو پاتا یعنی کہ ہم کسی چیز کو جاننے اور سمجھنے کے باوجود بھی نفس کی کمزوری کی وجہ سے عمل میں نہیں لا پاتے۔ روزہ رکھنے سے ہمارے جسم اور روح میں تسلسل پیدا ہوتا ہے۔
انھوں نے روزہ کے مزید فوائد بتاتے ہوئے کہا کہ روزہ کی وجہ سے کینسر جیسی جان لیوا بیماریاں کو بھی کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے۔ روزہ کی وجہ سے معاشرہ میں ایک خوشحال تعلقات قائم کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ روزہ کی وجہ سے ہمارے اندر غرباء سے نزدیکیاں اور ان کے حقوق کی ادائیگی کے تئیں بیداری بھی پیدا ہوتی ہے جس کی ہمیں بھرپور کوشش کرنی چاہئے۔ ماہ رمضان سے ہر سال ہمارا ایمان فروزاں ہوتا ہے۔
صدارتی خطبہ دیتے ہوئے خطیب و امام محمد شاہد سرور نے کہا کہ ہمیں رمضان کے مبارک مہینہ کی تیاری پہلے سے ہی کر لینی چاہئے۔انھوں نے کہا کہ ہم لوگ اپنے ذاتی مقاصد کے لئے مختلف مواقع پر کام سے چھٹیاں لیا کرتے ہیں، ایک مرتبہ ہم رمضان کے اس موقع پر اللہ کے لئے بھی چھٹی لے کر دیکھیں اور اللہ کو راضی کرنے میں اس کوصرف کریں۔
انھوں نے کہا کہ رمضان کا مہینہ ہم سب کے لئے دوسروں کے غم باٹنے اور احساس کرنے کا مہینہ ہے۔ ہمیں چاہئے کہ اس مہینہ میں ہم اپنے غریب بہن اور بھائیوں کی خوب مدد کریں اور ایک خوشحال سماج کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔مفتی صاحب نے مزید کہا کہ ہمیں یہ تہیہ کرنا چاہئے کہ ہم آگے کی زندگی بھی اسی کے مطابق گزاریں گے۔
پروگرام کے آغاز میں الحکمہ فاؤنڈیشن کے چیرمین ڈاکٹر ضیاء الدین احمد نے تمام مہمان گرامی کا پرجوش طریقہ سے استقبال کیا۔ لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ضیاء الدین صاحب نے فاؤنڈیشن کے اغراض و مقاصد اور سرگرمیوں کا مختصر تعارف پیش کیا۔اس موقع پر انہوں نے فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام چلائے جارہے کمپیوٹر کورسز سے بھی آگاہ کیا۔
پروگرام کے آخر میں جامعہ ہمدرد یونیورسٹی کے چیف لائبریرین محمد شعیب نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور لوگوں سے اپیل کی کہ وہ فاؤنڈیشن کی مختلف سرگرمیوں سے بھرپور استفادہ کریں اور فاؤنڈیشن سے بھی جڑیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس ماہ رمضان کے مہینہ میں سبھی لوگ اپنے غریب و ناداربہنوں اور بھائیوں کی بھرپور مدد کریں۔ یہ مدد لوگ فاؤنڈیشن کے ذریعہ بھی کرسکتے ہیں