شاہجہانپور: اتر پردیش کے شاہجہانپور کی ایک نوجوان نے شادی میں ہونے والے خرچ کو کاروبار میں لگاتے ہوئے نہ صرف خود مختاری کی مثال قائم کی بلکہ اپنی صحت کو بہتر بنا کر دوسروں کے لیے تحریک بھی بنی۔ یہ کہانی مانسی مشرا (30) کی ہے، جو اب لڑکیوں کے لیے ایک مثالی شخصیت بن چکی ہیں۔
چار بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی اور ماسٹرز کے ساتھ بی۔اےڈ کی ڈگری حاصل کرنے والی مانسی نے بتایا کہ دو سال پہلے جب ان کے والدین ان کے لیے رشتہ تلاش کرنے لگے، تو انہوں نے شادی نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے اس کے بجائے والدین سے درخواست کی کہ شادی کے لیے رکھی گئی رقم انہیں دی جائے، تاکہ وہ اپنا مستقبل خود بنا سکیں۔
مانسی مشرا نے ‘پی ٹی آئی-بھاشا’ کو بتایا کہ والدین نے ان کے فیصلے کی حمایت کی اور انہیں تقریباً 10 لاکھ روپے دیے، جنہیں انہوں نے خواتین کے لیے ایک خاص جِم قائم کرنے میں استعمال کیا۔ انہوں نے کہا، "زندگی کے اس اہم موڑ پر میں نے اپنے خوابوں کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا۔ شادی پر خرچ کرنے کے بجائے میں خود مختار بننا چاہتی تھی۔"
مانسی نے بتایا کہ فٹنس کی طرف ان کا سفر چار سال پہلے شروع ہوا، جب ان کا وزن تقریباً 100 کلوگرام تھا اور انہیں تھائیرائیڈ کی بیماری کا پتا چلا۔ اس کے بعد وہ دہلی چلی گئیں، جہاں انہوں نے دو سال تک ایک جِم میں تربیت حاصل کی اور پھر مشق جاری رکھی۔ انہوں نے بتایا کہ اب ان کا وزن تقریباً 60 کلوگرام رہ گیا ہے اور تھائیرائیڈ کی حالت میں بھی بہتری آئی ہے۔
مانسی نے کہا کہ ابتدائی طور پر خاندان کو ان کے شادی نہ کرنے کے فیصلے پر حیرت ہوئی، لیکن بعد میں انہوں نے ان کے عزم اور خود اعتمادی کی حمایت کی۔ خاندان کی مالی مدد سے مانسی کو ایک جدید فٹنس سینٹر قائم کرنے میں مدد ملی۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی دنوں میں انہیں کئی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، جن میں سماجی تصورات، مالی خطرات، اور مردوں کی اکثریت والے فٹنس شعبے میں اپنی پہچان بنانا شامل تھا۔
مانسی نے ہار نہیں مانی اور اب وہ ایک کامیاب ٹرینر ہیں، جو اپنا جِم چلا رہی ہیں۔ انہوں نے خواتین کے لیے محفوظ ماحول کی ضرورت پر زور دیا، کیونکہ کئی خواتین مرد ٹرینرز کی موجودگی اور غیر مناسب رویے کے خوف کی وجہ سے جِم جانے سے ہچکچاتی ہیں۔ مانسی نے بتایا کہ ان کے جِم میں صرف خواتین ٹرینرز کو تعینات کیا جاتا ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اپنے صحت کو ترجیح دے سکیں۔ انہوں نے کہا، شادی کرنا یا نہ کرنا ہر شخص کا ذاتی فیصلہ ہونا چاہیے۔ میں نے اپنے خوابوں کو ترجیح دی اور آج مجھے اس فیصلے پر فخر ہے۔