ممبئی/ آواز دی وائس
کامیڈین اور اداکار کپل شرما ان دنوں اپنے شو ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ کو لے کر سرخیوں میں ہیں۔ ان کے اس شو کا تیسرا سیزن چل رہا ہے، جس میں اب تک کئی بالی ووڈ ستارے بطور مہمان نظر آ چکے ہیں، لیکن اب ان کا یہ شو ایک قانونی مسئلے میں پھنس گیا ہے۔ مشہور سیلیبریٹیز کی وکیل سنا رئیس نے پروڈیوسر فیروز اے نڈیاڈوالا کی جانب سے او ٹی ٹی پلیٹ فارم نیٹ فلکس کو قانونی نوٹس بھیجا ہے، جس میں یہ الزام لگایا گیا ہے کہ اس شو میں ان کی فلم کے ایک مشہور کردار کو دکھایا گیا۔
اس کردار کو دکھانے کے لیے میکرز نے کوئی اجازت نہیں لی اور ایسے میں یہ قانون کی خلاف ورزی ہے۔ صرف یہی نہیں بلکہ اسے تجارتی طور پر کی گئی چوری قرار دیا گیا ہے۔ آئیے جانتے ہیں کہ یہ کردار کس کا تھا اور اسے کس نے ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ میں نبھایا ہے۔
کیکو شاردا نے نبھایا ’بابوراؤ‘ کا کردار
دراصل یہ پورا معاملہ فلم ’ہیرا پھیری‘ کے مشہور کردار بابوراؤ سے جڑا ہوا ہے، جسے ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ میں کیکو شاردا نے ادا کیا تھا۔ شو کا حال ہی میں ایک پرومو شیئر کیا گیا، جس میں وہ بابوراؤ کے کردار میں نظر آئے۔ ایسے میں سنا رئیس نے اپنے نوٹس میں لکھا، ’’فکری ملکیت کوئی معمولی چیز نہیں ہے۔ یہ تخلیقی صلاحیت کی جان ہوتی ہے۔ میرے مؤکل کی فلم کے آئیکونک کردار کو بغیر اجازت استعمال کیا گیا۔‘‘
آخری قسط میں مہمان ہوں گے اکشے
کپل شرما کے شو میں اب تک کئی مہمان آ چکے ہیں اور اب اس کی آخری قسط میں اکشے کمار نظر آنے والے ہیں۔ اس کا انکشاف خود کپل نے اپنے حالیہ شو میں کیا، جس میں وہ اکشے سے کہتے ہیں کہ آپ ویسے ہر جگہ وقت پر آتے ہیں لیکن ہمارے شو کی آخری قسط میں دیر سے کیوں آئے۔ اسی قسط میں کیکو بابوراؤ بن کر نظر آنے والے ہیں۔