رانچی: جھارکھنڈ حکومت نے ریاست میں بھرتی امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف اپوزیشن کے احتجاج کے درمیان جمعہ کو اسمبلی میں مالی سال 2026-27 کے لیے 8,399 کروڑ روپے کا ضمنی بجٹ پیش کیا۔ ریاست کے وزیر خزانہ رادھا کرشن کشور نے موجودہ مالی سال کا پہلا ضمنی بجٹ ایوان میں پیش کیا۔
اس سے قبل فروری میں انہوں نے مالی سال 2026-27 کے لیے 1.58 لاکھ کروڑ روپے کا سالانہ بجٹ پیش کیا تھا۔ کل ضمنی بجٹ میں سب سے زیادہ 4,258.67 کروڑ روپے دیہی ترقی کے محکمے کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ اس کے بعد اسکولی تعلیم و خواندگی کے محکمے کے لیے 946.30 کروڑ روپے اور دیہی تعمیرات کے محکمے کے لیے 885.83 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
محکمہ داخلہ، جیل اور آفات سے نمٹنے کے لیے 490.68 کروڑ روپے جبکہ پینے کے پانی اور صفائی کے محکمے کے لیے 271.61 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ ضمنی مطالبات پر 10 اگست کو بحث ہوگی۔ وزیر خزانہ نے ریاستی سطح کی بینکرس کمیٹی (ایس ایل بی سی) کی سالانہ رپورٹ بھی ایوان کے میز پر رکھی۔
انہوں نے کہا، ’’ریاست کا قرض اور جمع رقم کا تناسب بڑھ کر 2026 میں تقریباً 55 فیصد ہوگیا ہے، جو 2024 میں تقریباً 50 فیصد تھا۔‘‘ ریاستی اسمبلی کا مانسون اجلاس جمعرات کو شروع ہوا اور 12 اگست کو ختم ہوگا۔ اسمبلی اسپیکر رویندر ناتھ نے بتایا کہ اجلاس میں مجموعی طور پر پانچ کام کے دن ہوں گے۔