جین برادری معیشت کی ریڑھ ہے: راج ناتھ سنگھ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 03-10-2025
جین برادری معیشت کی ریڑھ ہے:  راج ناتھ سنگھ
جین برادری معیشت کی ریڑھ ہے: راج ناتھ سنگھ

 



نئی دہلی / آواز دی وائس
ہندوستان کے وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ ملک میں جین سماج کی آبادی بہت کم ہے، اس کے باوجود وہ ٹیکس میں نمایاں کردار ادا کرتا ہے۔ حیدرآباد میں ایک پروگرام کے دوران انہوں نے بتایا کہ جین سماج کا تعاون مجموعی ٹیکس کلیکشن میں 24 فیصد ہے۔ یہ ملک کی معیشت میں ان کا بڑا حصہ ہے، جبکہ ان کی آبادی نہایت محدود ہے۔ انہوں نے کہا کہ جین سماج دراصل معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔
جین انٹرنیشنل ٹریڈ آرگنائزیشن کے پروگرام میں وزیر دفاع نے کہا کہ جین سماج کی سوچ اور فلسفہ ہندوستانی تہذیب و ثقافت کا اہم جز ہے۔ جین کمیونٹی کو پوری دنیا میں محنتی اور خوشحال سماج کے طور پر جانا جاتا ہے۔ جین برادری کی تاریخ ہندوستان کی روحانی اور ثقافتی روایت کا قیمتی حصہ ہے۔
راجناتھ سنگھ نے کہا کہ اگرچہ ان کی آبادی محض 0.5 فیصد ہے، مگر مجموعی ٹیکس کلیکشن میں تقریباً 24 فیصد ان ہی سے آتا ہے۔ روزگار دینے، مدد کرنے اور ملک کو آگے بڑھانے میں جین سماج ہمیشہ پیش پیش رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاہے وہ فارما کا شعبہ ہو، ایوی ایشن ہو یا تعلیم، جین ہمیشہ آگے رہے ہیں۔
جیٹو کا مقصد دنیا بھر کے جین سماج کے افراد کو ایک پلیٹ فارم پر لانا ہے تاکہ نیٹ ورکنگ، علم کے تبادلے اور تجارتی تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ جین سماج نے ملک کے کئی اہم شعبوں میں اپنی شناخت بنائی ہے۔ ہندوستان آج کھلونوں سے لے کر ٹینک تک تقریباً سب کچھ تیار کر رہا ہے۔ وہ دن دور نہیں جب ہندوستان دنیا کی فیکٹری کے طور پر ابھرے گا۔
البتہ، جین سماج کے ٹیکس کلیکشن میں 24 فیصد کردار کے دعوے پر کئی بار سوال بھی اٹھائے گئے ہیں، کیونکہ ملک میں ٹیکس کلیکشن کا نظام مذہب کی بنیاد پر نہیں ہوتا۔ ایسے میں یہ اعداد و شمار کس بنیاد پر سامنے آتے ہیں، اس پر بحث ہوتی رہی ہے۔