دسہرہ تقریب کا آغاز ایک مسلم سے کرانے کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 18-09-2025
دسہرہ تقریب کا آغاز ایک مسلم سے کرانے کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا
دسہرہ تقریب کا آغاز ایک مسلم سے کرانے کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا

 



نئی دہلی: میسور دسہرہ تقریب کا آغاز ایک غیر ہندو سے کرانے کا معاملہ سپریم کورٹ پہنچ گیا ہے۔ ریاستی حکومت کے فیصلے کو صحیح ٹھہرانے والے کرناٹک ہائی کورٹ کے حکم کو ایک درخواست گزار نے چیلنج کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے جمعہ، 19 ستمبر کو اس معاملے کی سماعت کی بات کہی ہے۔

درخواست گزار ایچ ایس گورَو کی طرف سے معاملہ عدالت میں رکھتے ہوئے ان کے وکیل نے کہا کہ اس تقریب کی شروعات چامُنڈیشوری دیوی کی روایتی پوجا سے ہوتی ہے۔ ریاستی حکومت ایک مسلم خاتون کو مندر میں مدعو کر کے ان سے پروگرام کا افتتاح کروانے جا رہی ہے۔ یہ سیدھا سیدھا مذہبی معاملات میں مداخلت ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے 22 ستمبر سے پروگرام کی شروعات کا حوالہ دیتے ہوئے جمعہ کو سماعت کی گزارش کی۔

چیف جسٹس بھوشن رام کرشن گوئی نے اس پر اتفاق ظاہر کیا۔ اس سے قبل 15 ستمبر کو کرناٹک ہائی کورٹ نے معاملے میں دخل دینے سے انکار کر دیا تھا۔ کرناٹک حکومت نے پلٹزر ایوارڈ یافتہ ادیبہ بانو مشتاق کو 2025 کے دسہرہ فیسٹیول کی مہمانِ خصوصی اور افتتاح کرنے والی شخصیت کے طور پر مدعو کیا ہے۔ اس کے خلاف ہائی کورٹ میں کچھ درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔

ان میں کہا گیا تھا کہ دسہرہ کا افتتاح ایک سیکولر سرگرمی نہیں ہے بلکہ یہ ایک مقدس رسم ہے، جو ہندو مذہبی روایات اور پرمپرا کے مطابق ہوتا ہے۔ اس میں دیا جلانا، دیوی کو پھول چڑھانا سمیت کئی ودھی ودھان شامل ہیں۔ درخواست گزاروں نے دلیل دی تھی کہ تاریخ میں کبھی بھی کسی غیر ہندو نے دسہرہ پروگرام کی شروعات نہیں کی۔

ریاستی حکومت کا یہ قدم لاکھوں ہندوؤں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے والا ہے۔ ساتھ ہی یہ آئین کے آرٹیکل 25 اور 26 میں دیے گئے مذہبی آزادی اور مذہبی امور کے انتظام کے حق کی خلاف ورزی ہے۔ کرناٹک ہائی کورٹ نے ان درخواستوں کو خارج کر دیا تھا۔ ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ بانو مشتاق کو دعوت دینا آرٹیکل 25 یا 26 کی خلاف ورزی نہیں کرتا ہے۔ دسہرہ فیسٹیول ریاستی حکومت منعقد کرتی ہے اور وہ اس میں نمایاں شخصیات کو بلا سکتی ہے، چاہے وہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتی ہوں۔ اس معاملے میں درخواست گزار کے کسی حق کی پامالی نہیں ہو رہی ہے۔