بریلی: انٹرنیٹ بند ہونے سے کاروبار، بینکنگ اور صحت کی خدمات متاثر

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 29-09-2025
بریلی: انٹرنیٹ بند ہونے سے کاروبار، بینکنگ اور صحت کی خدمات متاثر
بریلی: انٹرنیٹ بند ہونے سے کاروبار، بینکنگ اور صحت کی خدمات متاثر

 



بریلی/ آواز دی وائس
بریلی میں گزشتہ تین دنوں سے انٹرنیٹ خدمات بند ہونے کی وجہ سے تجارتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ بینکنگ اور صحت کی سہولیات بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ بریلی میں جمعہ کی نماز کے بعد "آئی لو محمد" مہم کے تحت نکالی جا رہی جلوس کے دوران تشدد بھڑک گیا تھا جس کے بعد حکومت نے احتیاطاً انٹرنیٹ سروس بند کر دی۔
اتر پردیش کےمحکمہ داخلہ نے 27 ستمبر کو ایک حکم جاری کر کے تمام موبائل سروس فراہم کرنے والوں کے ایس ایم ایس پیغامات کے ساتھ ساتھ موبائل انٹرنیٹ/ڈیٹا سروس اور براڈبینڈ خدمات کو بند کرنے کے احکامات دیے تھے۔
یہاں کے تاجروں کا اندازہ ہے کہ انٹرنیٹ بند ہونے سے کئی سو کروڑ روپے کا کاروبار متاثر ہوا ہے اور خوردہ فروشوں سے لے کر تھوک فروشوں تک کی سرگرمیاں تقریباً ٹھپ ہو گئی ہیں۔ شاپنگ مالز میں بھی گاہکوں کی تعداد میں بھاری کمی آئی ہے۔
مقامی تاجروں کے مطابق، جو لوگ پہلے انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کی اہمیت کو کم سمجھتے تھے، اب انہیں روزمرہ کے کاموں میں اس کے کردار کا احساس ہو گیا ہے۔ بینکنگ خدمات مکمل طور پر متاثر ہیں اور اے ٹی ایم بند ہونے کی وجہ سے صارفین فوری لین دین بھی نہیں کر پا رہے۔
ایچ ڈی ایف سی کلسٹر کے سربراہ اروند شرما نے بتایا کہ پہلے تاجر اور بزرگ لوگ اپنے گھروں یا کاروباری مراکز سے لین دین کر لیتے تھے، لیکن اب یہ ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ بینکنگ نظام متاثر ہوا ہے اور صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
ہندوستانی انڈسٹری ایسوسی ایشن  کے صوبائی صدر دنیش گوئل نے کہا کہ بڑے تاجر پڑوسی اضلاع کے ذریعے لین دین کر رہے ہیں، لیکن چھوٹے تاجر اور صارفین اس رکاوٹ کا نقصان بھگت رہے ہیں۔کیمسٹ ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر دُرگیش کھٹوانی نے کہا کہ ادویات کا تھوک کاروبار مکمل طور پر بند ہو گیا ہے۔
کلاش چیریٹیبل ٹرسٹ کے صدر سنجیو پانڈے نے بتایا کہ آیوشمان ہندوستان صحت بیمہ اسکیم کے تحت آنے والے مریضوں کو انٹرنیٹ پر انحصار کے باعث علاج کرانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
بریلی میں ریڈی میڈ گارمنٹس کے بڑے تاجر نریندر گپتا نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب ہمیں انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کی اصل اہمیت کا احساس ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری مراکز "تین دنوں سے سنسان" ہیں اور شاپنگ مالز بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔
فٹ ویئر کے تھوک تاجر میران ریاست نے بتایا کہ آس پاس کے اضلاع کے تاجروں نے خریداری کے لیے بریلی آنا بند کر دیا ہے اور انٹرنیٹ بند ہونے کے باعث خریداروں کو بل بھی نہیں مل رہا۔
ایس آر ایم ایس میڈیکل کالج میں داخل کلپنا سنگھ کی بیٹی نیلو سنگھ نے بتایا کہ انہیں اپنی ماں کو اسپتال سے ڈسچارج کرانے کے لیے ایک لاکھ روپے دینے ہیں، لیکن انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کی وجہ سے وہ ایسا نہیں کر پا رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادائیگی نہ کر پانے کی وجہ سے ان کی ماں کو اسپتال سے ڈسچارج ہونے میں تاخیر ہو رہی ہے۔
چھوٹے صارفین بھی بارکوڈ کے ذریعے ادائیگی نہیں کر پا رہے ہیں، جس سے معمول کے لین دین متاثر ہو رہے ہیں۔ ضلع انتظامیہ کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ جائیداد کی رجسٹری (بیع نامہ)بھی متاثر ہوئی ہے۔
انتظامی افسر نے یہ بھی بتایا کہ اے ٹی ایم خدمات کی بندش کی وجہ سے خاص طور پر نچلے طبقے کے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔