حکومت ہمیشہ کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے: ایکناتھ شندے

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 30-09-2025
حکومت ہمیشہ کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے: ایکناتھ شندے
حکومت ہمیشہ کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے: ایکناتھ شندے

 



ممبئی/ آواز دی وائس
مہاراشٹر کے نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے منگل کو کہا کہ مرہٹواڑہ اور ریاست کے دیگر حصوں میں شدید بارش کے باعث آنے والے سیلاب سے متاثر کسانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ شندے نے بتایا کہ مہایوتی حکومت نے متاثرہ علاقوں میں ضروری اشیاء کی فراہمی کے لیے کسانوں اور عام لوگوں کو 10 ہزار روپے نقد کے ساتھ چاول اور گندم دینا شروع کر دیا ہے۔
ریاستی حکومت کے کسانوں کے ساتھ ہر بحران میں کھڑے رہنے کے عزم کو دہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تقریباً 60 لاکھ ہیکٹر زمین پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔
شندے، جو شیو سینا کے سربراہ بھی ہیں، نے پریس کانفرنس میں کہا کہ مہاراشٹر کے کئی علاقے سیلاب کی زد میں ہیں اور یہ کسانوں کے لیے بہت بڑا مسئلہ ہے۔ بارش غیر متوقع رہی ہے۔ اس وقت حکومت کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے جیسا کہ پہلے بھی رہی ہے۔ کابینہ نے اس مسئلے پر بات کی ہے۔ بحران کو دیکھتے ہوئے حکومت کسانوں کی مدد جاری رکھے گی۔ اگلے 2-3 دنوں میں نقصان کا مکمل ڈیٹا ہمارے پاس ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ  کابینہ اجلاس میں یہ بھی طے ہوا کہ ہم کسانوں کی مدد شرائط و ضوابط سے بالاتر ہو کر کریں گے۔ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ایسے وقت میں کسانوں کو سہارا دے۔ آنے والے دنوں میں (میں، مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ اور نائب وزیراعلیٰ اجیت دادا) مل بیٹھ کر کسانوں کے نقصانات کی تلافی پر بڑا فیصلہ لیں گے۔
نائب وزیراعلیٰ نے انسانی جانوں کے ضیاع، فصلوں، زمین اور گھروں کو پہنچنے والے نقصان کا بھی ذکر کیا، جن میں سے کچھ اب بھی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فصلوں، زمین اور گھروں کو نقصان ہوا ہے۔ مویشیوں اور انسانی جانوں کا بھی نقصان ہوا ہے۔ ابھی بھی کچھ گھر پانی میں ڈوبے ہیں۔ میں پھر کہہ رہا ہوں کہ حکومت کسانوں کی مدد میں ہچکچاہٹ نہیں دکھائے گی۔ ہم نے مرکزی وزیرداخلہ اور وزیراعظم سے بھی کسانوں کی مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔ پہلے بھی مرکز نے کسانوں کا ساتھ دیا ہے اور ہمیں امید ہے کہ اس بار بھی ایسا ہوگا۔
شندے نے بتایا کہ مہایوتی حکومت نے فوری ضرورت مندوں کے لیے نقد امداد اور اناج کی تقسیم شروع کر دی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے اپوزیشن سے اپیل کی کہ وہ بھی حکومت کے ساتھ مل کر عوام کی مدد کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب کو متاثرہ مقامات پر صفائی کا بھی خیال رکھنا ہوگا تاکہ کسی قسم کی بیماری نہ پھیلے۔ ہم طبی کیمپ اور ڈاکٹروں کی ٹیم بھیجنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ کسی وبا سے بچا جا سکے۔
آنے والی دسہرہ ریلی کے بارے میں بات کرتے ہوئے شندے نے شیو سینا کارکنوں کو ہدایت دی کہ وہ ممبئی میٹروپولیٹن ریجن کے علاوہ ریاست کے دیگر حصوں میں متاثرہ لوگوں کی مدد کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہم صرف ایم ایم آر کے کارکنوں کو دسہرہ ریلی کے لیے ممبئی بلائیں گے، باقی کارکن کسانوں اور عوام کی مدد کریں۔ ہماری سیاست ہمیشہ 80 فیصد سماجی خدمت اور 20 فیصد سیاست پر مبنی رہی ہے۔ یہ وقت خدمت اور عوام کی مدد کرنے کا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریلی "نیسکو" (انڈور اسپیس) میں منعقد کی جائے گی۔
اس دوران ایک سیاسی تنازعہ بھی کھڑا ہوگیا کیونکہ راحتی سامان پر شندے کی تصویر شائع کی گئی تھی، جس پر اپوزیشن نے تنقید کی۔
اس پر ردعمل دیتے ہوئے شندے نے کہا کہ انہوں نے تصویر دیکھی، مگر راحتی سامان نہیں دیکھا۔ یہ سیاست کرنے کا وقت نہیں ہے۔ کارکن اکثر اپنے رہنماؤں کی تصویر لگاتے ہیں۔ جو ہمیں اس پر تنقید کر رہے ہیں، میں انہیں یاد دلانا چاہتا ہوں کہ ان کی تصویریں بھی پہلے بانٹے گئے راحتی سامان پر چھپی ہوئی تھیں۔