لکھنؤ
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بچوں کو خوب پڑھنے اور کھیلنے کی ترغیب دیتے ہوئے پیر کو کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ کوئی بھی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔یوگی آدتیہ ناتھ نے بچوں سے خطاب کرتے ہوئے ایک خط ‘ایکس’ پر شیئر کیا اور کہا کہ میرے پیارے بچو، نیا تعلیمی سیشن شروع ہو رہا ہے۔ آپ سب کو روشن مستقبل کے لیے ڈھیروں نیک خواہشات۔
انہوں نے کہا کہ نئے سیشن میں آپ اپنی دلچسپی کے مضامین، کھیلوں اور اسکول کی سرگرمیوں میں پوری لگن کے ساتھ حصہ لیں اور اپنے خوابوں کو رنگین بنائیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ کوئی بھی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔ یکم اپریل 2026 سے 15 اپریل 2026 تک ‘اسکول چلو مہم’ ہمارے اسی عزم کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ اتر پردیش کا ہدف تبھی پورا ہوگا جب ہر بچہ پڑھے گا اور ہر بچہ آگے بڑھے گا۔
خط میں انہوں نے اپنے تجربات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ کچھ دن پہلے مجھے اپنے اسکول (اتراکھنڈ) جانے کا موقع ملا، جہاں سے مجھے زندگی کی بنیادی تعلیم اور اقدار ملیں اور آگے کا راستہ ہموار ہوا۔انہوں نے کہا کہ اسکول صرف پڑھائی کی جگہ نہیں بلکہ شخصیت سازی کی پہلی درسگاہ ہے۔یوگی آدتیہ ناتھ نے کہاکہ پربھو شری رام کے مریادہ پرشوتّم اور بھگوان شری کرشن کے کرم یوگی روپ کی پہلی سیڑھی ان کا گروکل ہی تھا۔انہوں نے کہا کہ آپ سب کے لیے بھی تعلیم اسی فرض کے راستے کا اہم حصہ ہے۔ سوامی وویکانند کے اصولوں کو اپنی زندگی میں اپنا کر آپ سب محنت اور مثبت سوچ کے ساتھ ناممکن اہداف بھی حاصل کر سکتے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے بچوں کو ٹیکنالوجی کے صحیح استعمال کی ترغیب دیتے ہوئے کہا، ’’آج کا دور ٹیکنالوجی کا ہے، اس لیے اس کا صحیح استعمال سیکھیں۔ ‘اسکرین ٹائم’ کے بجائے ‘ایکٹیویٹی ٹائم’ پر توجہ دیں اور خوب کھیلیں، خوب پڑھیں۔
انہوں نے والدین سے بھی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اپنے بچوں کو اچھی تعلیم دلانے کے ساتھ ساتھ اپنے آس پاس کے ان بچوں کو بھی اسکول تک پہنچانے کا عزم کریں جو تعلیم سے محروم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکیموں کی معلومات نہ ہونے کی وجہ سے جو بچے اسکول میں داخلہ نہیں لے پاتے اور سہولیات سے محروم رہ جاتے ہیں، ان کے خاندانوں کو بیدار کریں۔