حکومت نے ویکسین اور آکسیجن آلات کو کسٹم ڈیوٹی سے مستثنیٰ کیا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 24-04-2021
نریندر مودی وزیروں اور عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کرتے ہوئے
نریندر مودی وزیروں اور عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کرتے ہوئے

 

 

نئی دہلی

ہفتے کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کی زیرصدارت ایک اعلی سطحی اجلاس میں آئندہ تین ماہ کے لئے کووڈ ویکسین اور 16 قسم کے آکسیجن آلات کی درآمد پر بنیادی ڈیوٹی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے ملک کو آکسیجن بحران سے نکالنے کے لئے تمام وزارتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے پر زور دیا ہے۔ اس دوران آکسیجن وغیرہ سے متعلق کل 16 آلات کی درآمد پر کسٹم ڈیوٹی کو معاف کرنے کا فیصلہ کیا گیا جو کووڈ مریضوں کے لئے ایک خوش آئند خبر ہیں۔

طبی آکسیجن ، آکسیجن کونٹریٹر ، آکسیجن فلنگ سسٹم ، آکسیجن جنریٹر ، ہائی فلو بریڈر ، ہر طرح کے آکسیجن پیدا کرنے والے سامان کو آئندہ تین ماہ تک بنیادی کسٹم ڈیوٹی سے مستثنیٰ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ بیرون ملک سے کووڈ ویکسین کی درآمد پر اگلے تین ماہ کے لئے بنیادی کسٹم ڈیوٹی کو معاف کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ ملک میں کم قیمت پر ان سامان کی دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے ۔

وزیر اعظم مودی نے وزارت خزانہ سے جلد از جلد ان سازو سامان کی درآمد کے لئے کلیئرنس تیز کرنے کو کہا۔ جس کے بعد وزارت خزانہ نے کسٹمز کے جوائنٹ سکریٹری گور و و کو آکسیجن سے متعلق تمام سازو سامان کی درآمد پر کسٹم کے کلیئرنس کے لئے نوڈل آفیسر مقرر کیا۔

اس اجلاس میں وزیر خزانہ ، وزیر تجارت ، وزیر صحت ، وزیر اعظم کے پرنسپل سکریٹری ، پالیسی کمیشن کے ممبران ، ایمس کے ڈائریکٹر سمیت اہم عہدیداروں نے شرکت کی۔