میزائل سسٹم ایس-400 کی پہلی رجمنٹ ہندوستان پہنچ گئی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 20-12-2021
میزائل سسٹم ایس-400 کی پہلی  رجمنٹ ہندوستان  پہنچ گئی
میزائل سسٹم ایس-400 کی پہلی رجمنٹ ہندوستان پہنچ گئی

 

 

نئی دہلی : روس سے ایس-400 میزائل سسٹم کی پہلی رجمنٹ ہندوستان پہنچ گئی ہے۔ 2022 میں اسے ملک کے شمالی علاقے میں تعینات کیے جانے کا امکان ہے جہاں سے یہ پاکستان اور چین کے کسی بھی قسم کے فضائی حملے کو روک سکتا ہے اور ملک کی حفاظت کر سکتا ہے۔ ایس-400 کی دوسری رجمنٹ اگلے سال جون 2022 تک ہندوستان پہنچنے کی امید ہے۔اس کے بعد ہندوستان لداخ اور اروناچل پردیش کی سیکورٹی کے لیے اپنی S-400 رجمنٹ تعینات کر سکتا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ایس-400 میزائل سسٹم کا شمار دنیا کے بہترین فضائی دفاعی نظام میں ہوتا ہے۔کئی لحاظ سے ایس-400 امریکہ کے میزائل ڈیفنس سسٹم سے بہتر ہے۔

اس کے ذریعے میزائلوں، لڑاکا طیاروں، راکٹوں حتیٰ کہ ڈرون حملوں کا بھی دفاع کیا جا سکتا ہے۔ ۔

ہر رجمنٹ میں 8 لانچرز ہوتے ہیں۔ ہر لانچر میں 4 میزائل ہوتے ہیں۔ یعنی ایک رجمنٹ ایک وقت میں 32 میزائل فائر کر سکتی ہے۔

 اس سسٹم کا کمانڈ سینٹر حملہ آور میزائل یا ہوائی جہاز کو 600 کلومیٹر کے فاصلے سے ٹریک کرتا ہے اور پھر اسے 2 کلومیٹر سے 400 کلومیٹر کی رینج میں تباہ کر دیا جاتا ہے۔

 یہ سسٹم ایک وقت میں 80 اہداف کو ٹریک کر سکتا ہے اور جب وہ رینج میں آتے ہیں تو انہیں تباہ کر سکتا ہے۔

ضرورت پڑنے پر اسے ٹرک پر لاد کر آگے بڑھایا جا سکتا ہے اور پھر بھی یہ صرف 10 سے 15 منٹ میں حملے کے لیے تیار ہو جاتا ہے۔

 اگر یہ سسٹم لگایا جاتا ہے تو یہ سگنل ملنے کے 3 منٹ کے اندر جوابی کارروائی کے لیے تیار ہو جاتا ہے۔ اس نظام کے ریڈار کو جام نہیں کیا جا سکتا۔ ۔۔

۔ 5 اکتوبر، 2018 کو، ہندوستان نے روس کے ساتھ ایس-400 کی پانچ رجمنٹ کے لیے 5.43 بلین ڈالر یعنی تقریباً 39,000 کروڑ روپے کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

ہندوستان کو چین اور پاکستان کے فضائی حملوں سے نمٹنے کے لیے اس قسم کے فضائی دفاعی نظام کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔

 چین کے پاس نہ صرف اچھے لڑاکا طیاروں کی بڑی تعداد ہے بلکہ اس کے پاس طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں کا بھی بڑا ذخیرہ ہے۔

 ہندوستان کے ساتھ روس کے اس معاہدے پر امریکا نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔

 امریکہ نے کاٹسا ایکٹ کے تحت ہندوستان پر پابندیاں لگانے کی دھمکی بھی دی تھی۔

لیکن ہندوستان نے واضح کر دیا تھا کہ وہ اپنی دفاعی ضروریات کے فیصلوں پر کوئی کنٹرول قبول نہیں کرے گا۔