دہلی ہائی کورٹ نے صحافی رجت شرما کے شخصی حقوق کا تحفظ کیا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 12-09-2026
دہلی ہائی کورٹ نے صحافی رجت شرما کے شخصی حقوق کا تحفظ کیا
دہلی ہائی کورٹ نے صحافی رجت شرما کے شخصی حقوق کا تحفظ کیا

 



نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے متعدد فیس بک اور یوٹیوب اکاؤنٹس کو صحافی رجت شرما کے شخصی اور تشہیری حقوق کی خلاف ورزی کرنے سے روک دیا ہے۔ عدالت نے ان پلیٹ فارم کو ایسی مواد ہٹانے کی ہدایت دی ہے، جس میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کیے گئے ڈیپ فیک ویڈیوز بھی شامل ہیں۔

جسٹس جیوتی سنگھ نے 24 اگست کو انڈیا ٹی وی کے چیئرمین اور چیف ایڈیٹر رجت شرما کے حق میں اور کچھ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے خلاف فیصلہ سنایا۔ جسٹس سنگھ نے کہا کہ شرما ’میٹا پلیٹ فارمز انک‘ اور ’گوگل ایل ایل سی‘ سے رابطہ کرنے کے لیے آزاد ہیں، جو بالترتیب فیس بک اور یوٹیوب چلاتے ہیں۔ وہ ایسی کسی بھی مواد کے خلاف ان پلیٹ فارم سے رجوع کر سکتے ہیں جو براہ راست یا بالواسطہ طور پر ان کے نام، شکل و صورت، شبیہ، آواز، تصویر، ویڈیو یا ان کی شخصیت کے کسی بھی دوسرے پہلو کا غلط، نامناسب یا استحصالی استعمال کرتا ہو۔

عدالت نے حکم دیا، ’’متعلقہ فریق 24 گھنٹے کے اندر درخواست قبول کریں گے اور اس کے بعد 36 گھنٹے کے اندر کارروائی کریں گے۔‘‘ شرما کے وکیل نے دلیل دی کہ ان کے موکل ایک معروف صحافی ہیں، جن کی شبیہ بے داغ ہے اور وہ دو دہائیوں سے زیادہ عرصے سے ہندوستانی ٹیلی ویژن کا ایک نمایاں چہرہ رہے ہیں۔ وکیل نے اپنی دلیل میں کہا کہ فیس بک پر کئی اکاؤنٹس غلط معلومات پھیلا رہے ہیں۔

ان میں مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کا غلط استعمال کرتے ہوئے ایسے ویڈیوز تیار کیے جا رہے ہیں، جن میں درخواست گزار کی تبدیل شدہ یا جوڑ توڑ کی گئی تصاویر، آواز اور شخصیت کی دیگر خصوصیات دکھائی یا سنائی دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ یوٹیوب چینل بھی ڈیپ فیک ویڈیوز نشر کر رہے ہیں۔

عدالت نے اس بات کا بھی نوٹس لیا کہ فریقین کو نوٹس بھیجے گئے تھے، لیکن انہوں نے مقررہ وقت کے اندر مقدمے کا کوئی جواب داخل نہیں کیا۔ اس کے بعد عدالت نے رجت شرما کے حق میں فیصلہ سنایا۔ عدالت اس سے پہلے بھی شرما کے شخصی حقوق کے تحفظ کے لیے عبوری حکم جاری کر چکی تھی اور قابل اعتراض مواد تک رسائی روکنے کے ساتھ اسے ہٹانے کی ہدایت دی تھی۔