مدھیہ پردیش اسمبلی سے یو سی سی بل منظور

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 21-07-2026
مدھیہ پردیش اسمبلی سے یو سی سی بل منظور
مدھیہ پردیش اسمبلی سے یو سی سی بل منظور

 



بھوپال: کانگریس کے شدید ہنگامے کے درمیان مدھیہ پردیش اسمبلی نے منگل کو "مدھیہ پردیش یکساں سول کوڈ (یو سی سی) 2026 بل" کو صوتی ووٹ کے ذریعے منظور کر لیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ موہن یادو نے کہا کہ آج اسمبلی میں ایک تاریخی دن رقم کیا جا رہا ہے، کیونکہ اس بل کے قانون بننے کے بعد تین طلاق اور حلالہ سے متعلق معاملات جرم قرار پائیں گے، ایک سے زیادہ شادی پر پابندی ہوگی، شادی اور طلاق دونوں کا رجسٹریشن لازمی ہوگا، جبکہ شادی شدہ یا غیر شادی شدہ والدین کے حیاتیاتی یا گود لیے گئے تمام بچوں کو وراثت میں یکساں قانونی حقوق حاصل ہوں گے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس صرف مسلم ووٹ بینک کی سیاست کی خاطر اس بل کی مخالفت کر رہی ہے۔ موہن یادو نے کانگریس کو قبائلی مخالف بھی قرار دیتے ہوئے کہا کہ قبائلی برادری کو اس قانون کے دائرے سے باہر رکھا گیا ہے۔ تکنیکی تعلیم، ہنر مندی اور روزگار کے وزیر گوتم ٹیٹوال نے پیر کو اسمبلی کے مون سون اجلاس کے پہلے دن یہ بل پیش کیا تھا، جس پر منگل کو ایوان میں بحث ہوئی۔

بحث کے آغاز میں ہی کانگریس کے سینئر رکن عارف مسعود نے بل میں ترمیم کی تجویز پیش کرتے ہوئے اسپیکر نریندر سنگھ تومر سے مطالبہ کیا کہ اسے غور کے لیے سلیکٹ کمیٹی کے سپرد کیا جائے۔ قائدِ حزبِ اختلاف اُمنگ سنگھار نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں اس وقت یکساں سول کوڈ کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

ان کے مطابق، ریاست میں دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کو 27 فیصد ریزرویشن کا مسئلہ زیادہ اہم ہے، اس لیے حکومت کو یہ بل سلیکٹ کمیٹی کے حوالے کرنا چاہیے۔ اس کے بعد کانگریس کے تمام اراکین اسپیکر کی نشست کے قریب پہنچ گئے اور نعرے بازی شروع کر دی۔

شدید ہنگامے کے درمیان وزیر اعلیٰ کے جواب کے بعد اسپیکر نے بل کو صوتی ووٹ سے منظور شدہ قرار دے دیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل اتوار کو بھوپال کے مضافاتی علاقے جگدیش پور (سابق اسلام پور) میں منعقدہ کابینہ کے خصوصی اجلاس میں بھی اس بل کو منظوری دی گئی تھی۔