کانگریس بنگلہ دیشی دراندازوں کو اپنا ووٹ بینک سمجھتی ہے: امت شاہ

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 29-12-2025
کانگریس بنگلہ دیشی دراندازوں کو اپنا ووٹ بینک سمجھتی ہے: امت شاہ
کانگریس بنگلہ دیشی دراندازوں کو اپنا ووٹ بینک سمجھتی ہے: امت شاہ

 



بوردووا/ آواز دی وائس
مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے پیر کے روز الزام عائد کیا کہ کانگریس آسام کے عوام، ان کی ثقافت، زمین اور شناخت کے لیے خطرہ بننے والے بنگلہ دیشی دراندازوں کو اپنا ووٹ بینک سمجھتی ہے۔ یہاں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ مرکزی حکومت نہ صرف آسام بلکہ پورے ہندوستان میں پڑوسی ملک سے آئے تمام غیر قانونی مہاجرین کی شناخت کرے گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے نہ صرف آسامی عوام کی ثقافتی شناخت کے تحفظ کو یقینی بنایا ہے بلکہ ریاست کی ہمہ جہت ترقی پر بھی توجہ دی ہے۔ وزیرِ داخلہ نے ناگاؤں ضلع میں ویشنو سنت شریمنت شنکردیو کے جنم استھان، بتدروا تھان کی 227 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کی گئی ازسرِ نو ترقیاتی منصوبے کا افتتاح کیا۔ شاہ نے کہا کہ شریمنت شنکردیو کی جنم بھومی کو تجاوزات سے آزاد کرانا ایک تاریخی موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ ہیمنت بشوا شرما کی قیادت میں ریاستی حکومت نے بنگلہ دیشی دراندازوں سے ایک لاکھ بیگھہ سے زیادہ زمین آزاد کرائی ہے۔ ریلی میں موجود عوام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو آسام کو دراندازوں سے مکمل طور پر آزاد کرنے کے لیے مزید پانچ سال کا وقت دیجیے۔
وزیرِ داخلہ نے کہا کہ ہم نہ صرف آسام بلکہ پورے ہندوستان میں تمام بنگلہ دیشی دراندازوں کی شناخت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ شنکردیو نے ‘ایک ہندوستان’ کا پیغام دیا تھا، جس پر اب وزیرِ اعظم عمل پیرا ہیں۔ شاہ نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم نے آسام میں امن اور ترقی کو یقینی بنانے کے لیے ایسے اقدامات کیے ہیں جو صرف کاغذوں تک محدود نہیں بلکہ زمینی حقیقت بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے گزشتہ 11 برسوں میں ریاست میں کئی شدت پسند تنظیموں کے ساتھ امن معاہدے کیے ہیں اور ان معاہدوں کی 92 فیصد شرائط پر عمل درآمد ہو چکا ہے۔