ڈیلیوری بوائز کی حالت مزدوروں سے بھی بدتر ہے: راگھو چڈھا

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 05-12-2025
ڈیلیوری بوائز  کی حالت مزدوروں سے بھی بدتر ہے: راگھو چڈھا
ڈیلیوری بوائز کی حالت مزدوروں سے بھی بدتر ہے: راگھو چڈھا

 



نئی دہلی/آواز دی وائس
آرڈر دینے کے بعد دس منٹ کے اندر یا جتنی جلدی ممکن ہو خدمات فراہم کرنے والے ’ڈیلیوری بوائے (سپلائی کرنے والی کمپنیوں کے نمائندے)‘ کی مشکلات کو اجاگر کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے راگھو چڈھا نے جمعہ کو راجیہ سبھا میں کہا کہ ’’ہندوستانی معیشت کے اِن ان دیکھے پہیوں‘‘ کی خاموشی کے پیچھے روزگار کی مجبوری اور اس سے جڑی بے یقینی انہیں اپنی جان خطرے میں ڈالنے پر مجبور کرتی ہے۔
یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے چڈّھا نے کہا کہ  زوماٹو، سویگی کے ڈیلیوری بوائے، اولا و اوبر کے ڈرائیور، بِلنکِٹ و زیپٹو کے رائیڈر اور اربن کمپنی کے پلمبر یا بیوٹیشن بظاہر گِگ ورکر ہیں، مگر حقیقت میں یہی لوگ ہندوستانی معیشت کے ان دیکھے پہیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ای کامرس اور اِن اسٹا ڈیلیوری کمپنیاں، جو لوگوں کی زندگی میں نمایاں تبدیلی لا چکی ہیں، انہی ’’خاموش محنت کشوں‘‘ کی بدولت اربوں روپے کما چکی ہیں اور اب بھی کما رہی ہیں، مگر تبدیلی لانے والے اور ان کمپنیوں کو ارب پتی بنانے والے یہ کارکن خود دیہاڑی مزدوروں سے بھی بدتر حالت میں ہیں۔
چڈّھا نے کہا کہ تیز رفتاری اور سپلائی وقت کے دباؤ کے سبب یہ گِگ ورکر ہمیشہ یہ سوچتا رہتا ہے کہ اگر دیر ہو گئی تو ریٹنگ کم ہو جائے گی، انسینٹو کٹ جائے گا، ایپ لاگ آؤٹ کر دے گی یا آئی ڈی بلاک ہو جائے گی۔ اسی خوف سے وہ سرخ بتی کو نظرانداز کرکے اپنی جان خطرے میں ڈال کر جلدی سے سامان پہنچانے کی کوشش کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر دس منٹ کی تاخیر ہو جائے تو صارف کی ناراضگی کا ڈر بھی الگ رہتا ہے۔ تاخیر ہونے پر گاہک پہلے تو فون کرکے ڈانٹتا ہے، پھر دھمکی دیتا ہے کہ شکایت کر دوں گا، اور بعد میں ایک اسٹار ریٹنگ دے کر اس کی پورے مہینے کی محنت پر پانی پھیر دیتا ہے۔
چڈّھا نے کہا کہ ان لوگوں کا کام روزانہ 12 سے 14 گھنٹے تک ہوتا ہے، چاہے موسم کیسا بھی ہو۔ ان کے پاس نہ حفاظتی آلات ہوتے ہیں اور نہ ہی کوئی خاص بونس یا اضافی بھتہ ملتا ہے۔ ان کے لیے یہ حالت ہے: کمائی کم، بیماری زیادہ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود یہ لوگ اپنا درد چھپا کر، مشکل حالات میں، آرڈر دینے کے بعد مسکرا کر کہتے ہیں: شکریہ سر، براہِ کرم پانچ اسٹار ریٹنگ دے دیجیے۔
چڈّھا نے کہا کہ ان کی حالت فیکٹری کے دیہاڑی مزدوروں سے بھی زیادہ خراب ہے، کیونکہ نہ ان کی پکی نوکری ہوتی ہے، نہ کوئی سیکورٹی انشورنس۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ بھی کسی کے بیٹے، بھائی، شوہر اور باپ ہوتے ہیں اور ان کے خاندان ان پر منحصر ہوتے ہیں۔ آخر میں چڈّھا نے کہا کہ حکومت کو ان ’گِگ ورکرز‘ کی مشکلات پر توجہ دینی چاہیے اور کوئی ایسی پالیسی تیار کرنی چاہیے جس سے ان کارکنوں کو حقیقی راحت مل سکے۔