مرکز نے پنجاب کو شدید سیلاب زدہ قرار دیا

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 19-09-2025
مرکز نے پنجاب کو شدید سیلاب زدہ قرار دیا
مرکز نے پنجاب کو شدید سیلاب زدہ قرار دیا

 



چندی گڑھ/ آواز دی وائس
مرکزی حکومت نے جمعرات کو پنجاب حکومت کی اس تجویز کو منظوری دے دی، جس میں ریاست کو “سنگین طور پر سیلاب زدہ” قرار دینے کی سفارش کی گئی تھی۔ یہ منظوری ایسے وقت میں دی گئی جب مرکزی وزراء جتندر سنگھ اور جتن پرساد نے پٹھان کوٹ اور گرداسپور کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور نقصانات کا جائزہ لیا۔
مرکز کی جانب سے پنجاب کو “سنگین طور پر سیلاب زدہ” قرار دیے جانے کے بعد، 1988 کے بعد آنے والے سب سے بھیانک سیلاب سے ابھر رہی اس سرحدی ریاست کو معاوضے کے طور پر زیادہ مالی امداد ملنے کی امید ہے۔ اس کے ساتھ ہی پنجاب حکومت کو ریاستی سرمایہ کاری کے لیے خصوصی معاونت  اسکیم کے تحت 595 کروڑ روپے کا 50 سالہ نرم قرض بھی ملے گا۔ یہ رقم خاص طور پر تباہ شدہ عوامی بنیادی ڈھانچے کی مرمت پر خرچ کی جائے گی۔
فصلوں کے نقصان کے معاوضے پر کوئی اثر نہیں
اس فیصلے سے فصلوں کے نقصان کے معاوضے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، لیکن سیلاب میں تباہ شدہ گھروں کے مالکان کو براہِ راست فائدہ ہوگا۔ مثال کے طور پر ریاستی آفتی راحت فنڈ  کے قواعد کے مطابق اگر کوئی مکان مکمل طور پر تباہ ہو جاتا ہے تو مکان مالک کو 1.20 لاکھ روپے ملتے ہیں، لیکن اب یہ معاوضہ بڑھ کر 3 لاکھ روپے تک ہو سکتا ہے۔
ایک افسر نے بتایا کہ فصل کے نقصان کے لیے ریاستی حکومت نے 20,000 روپے فی ایکڑ معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے، جب کہ ایس ڈی آر ایف کے تحت یہ رقم 6,800 روپے فی ایکڑ طے ہے۔
ریاستی حکومت جمعہ کو چیف سکریٹری کے اے پی سنہا کی صدارت میں ایک میٹنگ کرے گی، جس میں طے کیا جائے گا کہ کن مدات کے تحت اور کتنی اضافی رقم کی مانگ کی جائے۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ ضروری ہے کیونکہ ریاستی حکومت کو میچنگ گرانٹ میں اپنا حصہ بڑھانا ہوگا۔ موجودہ نظام کے مطابق مرکز اور ریاست 75:25 کے تناسب میں فنڈز فراہم کرتے ہیں۔
ایک افسر نے بتایا کہ نقصان اور اضافی فنڈز کی مانگ کا حتمی میمورنڈم بھی تیار کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے پچھلے ہفتے مرکز کو خط لکھ کر ریاست کو سنگین طور پر سیلاب زدہ قرار دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ مرکز نے غیر معمولی بارش اور سیلاب سے ہونے والی وسیع تباہی کو تسلیم کیا ہے۔ بڑھا ہوا فنڈ الاٹمنٹ اور قرض فوری طور پر تعمیر نو کی کوششوں کے لیے اہم ثابت ہوں گے۔
محکموں کی جانب سے نقصان کی رپورٹ
اس میں آبی وسائل کے محکمے کے ذریعے آکی گئی 1,520 کروڑ روپے کی نقصان کی رپورٹ، دیہی ترقی و پنچایت محکمہ (5,043 کروڑ روپے) اور صحت محکمہ (780 کروڑ روپے) کے نقصانات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب منڈی بورڈ (1,022 کروڑ روپے)، محکمہ تعمیرات عامہ (1,970 کروڑ روپے)، محکمہ زراعت (317 کروڑ روپے)، محکمہ تعلیم (542 کروڑ روپے)، بجلی محکمہ (103 کروڑ روپے) اور سمیت دیگر محکموں نے بھی نقصانات کی تفصیلات دی ہیں۔