پیغمبر اسلام کی ولادت ِباسعادت پوری کائنات کیلئے رحمت:شیخ ابوبکر

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 26-08-2025
 پیغمبر اسلام کی ولادت ِباسعادت پوری کائنات کیلئے رحمت:شیخ ابوبکر
پیغمبر اسلام کی ولادت ِباسعادت پوری کائنات کیلئے رحمت:شیخ ابوبکر

 



کالی کٹ (عبدالکریم امجدی)
کالی کٹ کے نالج سٹی میں بھارت کی سب سے بڑی مسجد جامع الفتوح انڈین گرانڈ مسجد میں ماہ ربیع النور کے پہلے پیر کی مناسبت ۰۰۵۱سالہ جشن ولادت باسعادت کے موقع پر ایک روزہ عظیم الشان مولود شریف پروگرام کے جم غفیر مجمع سے گرانڈ مفتی آف انڈیا شیخ ابو بکر احمد نے خطاب کرتے ہوئے پیغمبر اسلام کی بعثت کوپوری دنیا کے لئے رحمت قراردیا۔
شیخ نے کہاکہ محسن انسانیت حضرت محمد مصطفی کی تعلیمات نے انسانیت کو ظلم سے نجات دلائی،صالح،منصفانہ اور مساوی معاشرہ قائم کیا۔حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد نے دنیا کو روشنی اور ہدایت دی اور یہ تمام جہانوں کیلئے رحمت ثابت ہوئی۔شیخ نے کہاکہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت اور بعثت ایک نئے دور کاآغاز اور تاریخ کی ایک نئی جہت کا تعین ہے،رحمۃ اللعالمین کی سیرت عہد حاضر کی ضرورت ہے۔
 
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے نالج سٹی منیجنگ ڈائیریکٹر ڈاکٹر عبدالحکیم ازہری نے کہاکہ ماہ ربیع النور کا استقبال ایک عظیم سعادت اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کا عملی اظہار ہے،درودوسلام کی کثرت کی جائے اور مولود شریف کا اہتمام ہر گھر میں کیا جانا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ ربیع النور کا مہینہ ہمیں سیرت طیبہ کا گہرائی سے مطالعہ کرنے موقع فراہم کرتا ہے،ہمیں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوۂ حسنہ کو اپنانا چاہئے اور اپنی زندگی کے ہر پہلو میں ان کی سنتوں پر عمل پیرا ہونا چاہئے۔
پروگرام کا آغاز صبح بعد نماز فجر تا ظہر جاری رہا۔جس میں آیات قرآنیہ کی تلاوت،مدح رسول،نعت خوانی،مولود شریف،قصیدہ بردہ،درود سلام،خطاب بعنوان سیرت واسوۂ حسنہ شامل رہا ہے۔ آخری میں ملکی امن وامان پر مولود کانفرنس اختتام پذیر ہوئی۔سادات کیرالہ الگ الگ سیشن میں اپنے روایتی انداز میں دعاکرتے رہے،مختلف گروپ کے ذریعہ مرحبا یا نورالعین،مرحبا یا جد الحسین کے ترانے پیش کئے گئے۔سامعین کیلئے خصوصی لنگر اور مشروب کا اہتمام تھا۔
کانفرنس کا افتتاح سنی جمعیۃ العلماء کیرالہ کے صدر مولانا ای سلیمان مسلیار نے اپنے ناصحانہ خطاب سے کیا۔سید علی بافقیہ سے صدارتی فرائض انجام دئے،سید ابراہیم خلیل البخاری،سید تراب ثقافی،مولانا شریف نظامی اورنگ آباد،ڈاکٹر حسین ثقافی،ڈاکٹر احسان (سری لنکا) شیخ ابو حشام (عمان)نے بھی خطاب کیا۔پروگرام میں بحیثیت مہمان خصوصی وزیر حج وشہری ترقی رحیم خان،وی عبدالرحمن سمیت دمذہبی،سیاسی،اور سماجی شخصیات شریک رہیں۔ابراہیم ثقافی کی کتاب اربعین للقانتات کا رسم اجرا بھی عمل میں آیا۔