سری نگر: فوج نے 1965 کی جنگ میں حاجی پیر درے پر کنٹرول حاصل کرنے کی یاد میں جمعرات کو جموں و کشمیر کے بارہ مولہ ضلع میں 72 فٹ اونچا قومی پرچم لہرایا۔
ایک افسر نے بتایا کہ ضلع میں فوج کی ’’چیٹا چوکی‘‘ پر ترنگا لہرایا گیا۔ افسر نے بتایا کہ فوج کے شجاعت اور قربانی کو یاد کرتے ہوئے ’’حاجی پیر ڈے‘‘ پر پرچم کشائی کی ایک تقریب منعقد کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب قربانی، حوصلے اور قومی فخر کی علامت حاجی پیر درے پر 1965 میں حاصل کیے گئے کنٹرول کی یاد تازہ کرتی ہے۔
افسر نے بتایا کہ ’’ڈیگر ڈویژن‘‘ نے ’’فلیگ فاؤنڈیشن آف انڈیا‘‘ کے تعاون سے اس تقریب کا اہتمام کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’چنار کور‘‘ کے کمانڈر نے بارہ مولہ شہر میں دریائے جہلم کے اوپر واقع چیٹا پوسٹ پر فخر کے ساتھ ترنگا لہرایا۔ افسر کے مطابق اس موقع پر فوجی بینڈ اور مقامی اسکولوں کے بچوں نے اپنی پیشکشیں دیں۔
انہوں نے بتایا کہ بارہ مولہ نیشنل رائفلز کے زیر اہتمام اس پروگرام نے مسلح افواج اور مقامی برادری کے درمیان قائم دیرپا رشتے کو اجاگر کیا۔ افسر نے کہا کہ اس تقریب میں بارہ مولہ کے معزز افراد، سول انتظامیہ اور سیکورٹی فورسز کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔