ہاسن میں حادثہ دل دہلا دینے والا ہے: مودی

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 13-09-2025
ہاسن میں حادثہ دل دہلا دینے والا ہے: مودی
ہاسن میں حادثہ دل دہلا دینے والا ہے: مودی

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
وزیرِاعظم نریندر مودی نے کرناٹک میں گنیش مورتی وسرجن کے دوران پیش آنے والے حادثے میں کئی لوگوں کی موت پر ہفتے کے روز گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ ایک دل دہلا دینے والا سانحہ ہے۔
جمعہ کی رات ہاسن ضلع کے ایک گاؤں میں گنیش وسرجن یاترا میں ایک ٹرک کے گھس جانے سے آٹھ افراد ہلاک اور 20 سے زیادہ زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں کم از کم آٹھ افراد کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔
مودی نے ’ایکس‘ پر پوسٹ کیا کہ کرناٹک کے ہاسن میں پیش آیا حادثہ دل دہلا دینے والا ہے۔ اس دکھ کی گھڑی میں میری ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔
انہوں نے ہر متوفی کے لواحقین کو وزیرِاعظم قومی ریلیف فنڈ سے دو لاکھ روپے بطور مالی امداد دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو 50-50 ہزار روپے دیے جائیں گے۔
حادثے میں مرنے والوں کی تعداد ہفتے کو بڑھ کر نو ہو گئی۔ یہ اطلاع پولیس ذرائع نے دی۔
یہ حادثہ جمعہ کی رات ارکلہ گُڈو تعلقہ کے موسالے ہوساہلّی گاؤں میں گنیش مورتی کے وسرجن یاترا کے دوران پیش آیا تھا۔
پولیس کے مطابق، ایک موٹر سائیکل سوار اچانک ٹرک کے سامنے آ گیا۔ پولیس کے مطابق حادثہ سے بچنے کے لیے ڈرائیور نے ٹرک موڑنے کی کوشش کی اور اسی دوران گاڑی پر سے قابو کھو بیٹھا۔ پولیس کے مطابق ٹرک ڈرائیور نے ٹرک کو ہجوم میں گھسا دیا، جس سے چار لوگوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ چار دیگر نے جمعہ رات اسپتال میں دم توڑ دیا۔
ہفتے کو ایک اور زخمی کی موت ہو جانے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر نو ہو گئی۔ کرناٹک کے وزیرِاعلیٰ سدارامیا نے اس حادثے میں جان گنوانے والوں کے اہلِ خانہ کو پانچ پانچ لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے