بجٹ کے حوالے سے حکومت پر تھرور کا طنز

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 10-02-2026
بجٹ کے حوالے سے حکومت پر تھرور کا طنز
بجٹ کے حوالے سے حکومت پر تھرور کا طنز

 



نئی دہلی
لوک سبھا میں منگل کے روز کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ ششی تھرور نے الزام لگایا کہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں بے روزگاری کو نظرانداز کیا گیا ہے، رہن سہن کے بڑھتے اخراجات اور عدم مساوات کو نظر میں نہیں رکھا گیا اور عام آدمی کے مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔
ایوان میں مرکزی بجٹ پر عام بحث کا آغاز کرتے ہوئے ششی تھرور نے اردو کے عظیم شاعر مرزا غالب کے ایک مشہور شعر کا حوالہ دیا اور حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا:
ہم کو معلوم ہے جنت کی حقیقت لیکن
دل کے خوش رکھنے کو غالب یہ خیال اچھا ہے۔
کانگریس رہنما نے کہا کہ اس سال کے بجٹ کو دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے گاڑی میں ایئر بیگ کو محض “ری اریںج” کر دیا گیا ہو تاکہ اس میں بیٹھے مسافر خود کو محفوظ محسوس کریں۔
تھرور نے دعویٰ کیا كہ بجٹ میں بے روزگاری کو نظرانداز کیا گیا ہے، رہن سہن کے اخراجات اور عدم مساوات کو نظر میں نہیں رکھا گیا۔ عام آدمی کی جدوجہد پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔
انہوں نے میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ بجٹ میں 53 بڑی فلاحی اسکیموں کے لیے پانچ لاکھ کروڑ روپے سے زائد کی رقم مختص کی گئی تھی، لیکن مالی سال کے پہلے نو مہینوں میں صرف 41 فیصد رقم ہی خرچ کی جا سکی۔ فلاحی اسکیموں کے لیے مختص رقوم کے بڑے حصے کے خرچ نہ ہونے پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا كہ یہ حکمرانی نہیں بلکہ ہیڈلائن مینجمنٹ ہے۔
ششی تھرور نے بجٹ میں زرعی شعبے کو نظرانداز کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا كہ آپ کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کا وعدہ پورا نہیں کر سکے، تو کم از کم ان کی ‘سمّان ندھی’ ہی بڑھا دیجیے۔ گزشتہ چھ برسوں سے پردھان منتری کسان سمّان ندھی صرف چھ ہزار روپے پر ہی اٹکی ہوئی ہے۔
انہوں نے 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان بنانے کے نریندر مودی حکومت کے ہدف کو قابلِ ستائش قرار دیا، تاہم کہا کہ بجٹ میں اس سمت آگے بڑھنے کے لیے کوئی قابلِ اعتماد راستہ نظر نہیں آتا۔
تھرور نے کہا كہ بے روزگاری میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ نوکریاں کم ہو گئی ہیں۔ پہلے ہی مشکلات کا شکار چھوٹے کاروبار مختلف ضابطہ جاتی مراحل میں پھنس گئے ہیں۔ غیر رسمی شعبے کے مزدوروں اور گیگ ورکرز کو غیر یقینی اور عدم تحفظ کی حالت میں دھکیل دیا گیا ہے۔
کانگریس رکنِ پارلیمنٹ نے مزید کہا كہ گیگ ورکر ہماری نئی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، لیکن بجٹ میں ان کا کہیں کوئی ذکر نہیں ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد اسکولوں میں اب بھی بجلی کی سہولت موجود نہیں ہے۔
آخر میں ششی تھرور نے کہا كہ درحقیقت ترقی یافتہ ہندوستان نعروں، تقاریر یا علامتوں سے نہیں بنے گا، بلکہ ہندوستان کے آخری شخص تک پہنچنے سے بنے گا۔